ماہ رمضان میں برقی‘آبی ودیگرمسائل کے حل کویقینی بنایاجائے

   

سدی پیٹ میں رمضان المبارک کے انتظامات سے متعلق جائزہ اجلاس‘ضلع کلکٹرکی ہدایت
سدی پیٹ 24 جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر کے ہیماوتی نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ مقدس رمضان المبارک کے دوران مسلمانوں کی نمازوں اور دیگر دینی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دی جائے اور تمام ضروری انتظامات کیے جائیں۔آج آئی ڈی او سی ہال میں متعلقہ محکموں کے افسران اور مسلم عمائدین کے ساتھ ضلع کلکٹر نے ایک اجلاس منعقد کیا، جس میں آئندہ رمضان المبارک کے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے بتایا کہ 18 فروری سے 19 مارچ تک رمضان المبارک رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان مسلمانوں کیلئے نہایت مقدس مہینہ ہے، اس دوران مسلمان پوری عقیدت کے ساتھ روزے رکھتے ہیں، دیگر دینی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں، لہٰذا اس عرصے میں انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہو، اس بات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے تمام بلدیات اور دیہاتوں میں واقع مساجد اور عیدگاہوں کے اطراف پختہ اور منظم انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔ خاص طور پر صفائی ستھرائی کے خصوصی اقدامات کرنے، خراب ہو چکی رابطہ سڑکوں کی مرمت کرنے، رات کے وقت بھی عبادات جاری رہنے کے پیش نظر بلا تعطل برقی فراہمی کو یقینی بنانے، ضروری روشنی کا انتظام کرنے، پینے کے پانی کی مسلسل فراہمی رکھنے، گیس سلنڈروں کی قلت نہ ہونے دینے، شام کے اوقات میں خریداری کے دوران ٹریفک مسائل پیدا نہ ہونے دینے، آوارہ کتوں کو سڑکوں پر آزادانہ گھومنے سے روک کر انہیں شیلٹر ہومز منتقل کرنے، اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے مناسب حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ضلع کلکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ محکموں کے افسران آپسی تال میل کے ساتھ رمضان المبارک کے انتظامات مکمل کریں۔ انہوں نے مساجد کے قریب اگر کہیں سڑکوں کی تعمیر جاری ہو تو انہیں جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس اجلاس میں ایڈیشنل ڈی سی پی کشالکر، ڈی آر او اور ضلع اقلیتی بہبود افسر ناگراجما، سدی پیٹ آر ڈی او سدانندم، ڈی پی او رویندر، ضلع شہری سپلائیز افسر تنوجا، ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر دھن راج، ضلع کی تمام بلدیات کے کمشنرز، محکمہ برقی کے افسران، اور ضلع کے مختلف علاقوں کے عمائدین سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔