مسلمانوں کی خصوصی عبادات و دیگر اطوار کا جائزہ ۔ تراویح کے تعلق سے معلومات
حیدرآباد۔10اپریل(سیاست نیوز) شہر میں رمضان کی رونقیں بحال ہونے کے ساتھ ایک نیا رواج چل پڑا ہے اور نئے شہر کے غیر مسلم نوجوان لڑکے اور لڑکیاں پرانے شہر کے علاقوں چارمینار ‘ شاہ علی بنڈہ ‘ سید علی چبوترہ ‘ فلک نما‘ حسینی علم‘ مدینہ بلڈنگ ‘ پتھر گٹی کے علاوہ دیگر تاریخی عمارتوں کے قریب چہل قدمی کرکے ’ رمضان واک‘ کا اہتمام کر رہے ہیں اور مشاہدہ کر رہے ہیں کہ مسلمان ماہ رمضان المبارک کے دوران خصوصی عباداتوں کے ساتھ کن باتوں کا خیال رکھتے ہیں۔ یکم رمضان المبارک سے پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری رمضان واک کے شرکاء کے مطابق انہوں نے اب تک ماہ رمضان کے دوران خصوصی عبادات افطار اور تراویح کے متعلق کافی معلومات حاصل کی ہیں اور اس کے علاوہ وقت سحر سے قبل بعض مساجد میں تہجد کے اہتمام کے متعلق بھی معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ رمضان واک میں یکم رمضان سے شریک رنکی نے بتایا کہ وہ اپنے بھائی پیوش کے ساتھ اس واک کا حصہ بن رہی ہیں اورتاریخی چارمینار ‘ مکہ مسجد ‘ دارالشفاء کے علاوہ پرانے شہر میں موجود تاریخی عمارتوں اور بڑی مساجد میں جاری تراویح کے متعلق معلومات حاصل کررہی ہیں علاوہ ازیں افطار کے بعد سے اشیائے خورد ونوش کے استعمال کے متعلق بھی تفصیلی آگہی حاصل کررہی ہیں۔ دہلی سے تعلق رکھنے والے آشوتوش نے بتایا کہ وہ پہلی مرتبہ ماہ رمضان المبارک کے دوران حیدرآباد میں ہیں اور انہیں یہ دیکھ کر حیرت ہورہی ہے کہ حیدرآباد میں غیر مسلم و مسلمان انتہائی خوش دلی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ساتھ ماہ رمضان المبارک کا اہتمام کرتے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ مساجد میں عبادتوں کے علاوہ سحر کے وقت مریضوںکے رشتہ داروں کیلئے سحر کے انتظام اور غریب رشتہ داروں کی مدد کا نظریہ بھی انہیں کافی دلچسپ لگا ہے۔ اشوتوش نے کہا کہ انہیں رمضان کو قریب سے دیکھنے کا موقع مل رہا ہے اور یہ بات سمجھ میں آرہی ہے کہ رمضان صرف تہوار منانے یا تہوار کی تیاری کا مہینہ نہیں ہے بلکہ آس پاس موجود غریب طبقہ کی خوشحالی کا بھی خصوصی خیال اس ماہ مبارک کے دوران رکھا جاتا ہے۔ تاریخی عمارتوں کے علاقوں میں چہل قدمی کرتے ہوئے رمضان المبارک کے متعلق آگہی حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے یہ گروپس ان کے اپنے گروپس میں مسلمانوں کے متعلق کیا نظریات پیش کریں گے یہ ان کے ساتھ اختیار کئے جانے والے رویہ پر منحصر ہوگا اسی لئے مسلم نوجوانوں کو ماہ رمضان المبارک کے دوران عبادات میں خشوع و خضوع کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔