حکام کو کوئی دلچسپی نہیں ‘ چیف ایگزیکیٹیو آفیسر کا بینک حکام سے رابطہ
حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی تشکیل میں تاخیر کا غریب ملازمین پر راست اثر پڑا ہے۔ وقف بورڈ کے تقریباً 300 ملازمین ماہ مارچ کی تنخواہ سے ہنوز محروم ہیں۔ فروری کی تنخواہ کے سلسلہ میں بھی ملازمین کو تقریباً دو ہفتوں سے زائد تک صبر آزما انتظار کی زحمت سے گذرنا پڑا تھا۔ مارچ کی تنخواہ جو کہ اپریل کی پہلی تاریخ کو جاری کی جانی چاہیئے وہ آج تک جاری نہیں ہوئی۔ رمضان المبارک کے پیش نظر ملازمین کو تنخواہوں کی عدم اجرائی کے سبب کافی دشواریاں اور مشکلات کا سامنا ہے۔ رمضان المبارک میں ہر گھر کی ضرورتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے اور پہلا دہا ختم ہونے کو ہے لیکن بورڈ کے ملازمین کے اکاؤنٹ میں تنخواہ جمع نہیں ہوئی۔ اس بارے میں حکام بھی اطمینان بخش جواب دینے سے قاصر ہیں۔ واضح رہے کہ وقف بورڈ میں بینک اکاؤنٹ سے رقم نکالنے کیلئے صدرنشین اور چیف ایگزیکیٹو آفیسر کے دستخط ضروری ہیں۔ کسی ایک دستخط سے رقم وتھ ڈرال کرنا ممکن نہیں ہے۔ ماہ فروری کی تنخواہ کے ضمن میں چیف ایگزیکیٹو آفیسر نے بینک عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے اجرائی کو یقینی بنایا تھا۔ اب جبکہ مارچ کی تنخواہ سے ملازمین ابھی تک محروم ہیں محکمہ اقلیتی بہبود کو فوری توجہ دینی چاہیئے۔ دس دن گذرنے کے باوجود آج تک محکمہ کے پرنسپل سکریٹری اور متعلقہ وزیر نے کوئی پہل نہیں کی۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے اخراجات کی تکمیل کیلئے قرض حاصل کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ اسی دوران چیف ایگزیکیٹو آفیسر شاہنواز قاسم نے بتایا کہ فروری کی طرح مارچ کی تنخواہ کی اجرائی کیلئے بینک حکام سے بات چیت جاری ہے اور توقع ہے کہ پیر تک تنخواہ ملازمین کے اکاؤنٹس میں جمع کردی جائے گی۔ر