’’مایوس مرکزی وزراء میرے قتل کی سازش میں مصروف‘‘

,

   

مرکز کے پاس احتجاجی کسانوں سے بات کرنے کا وقت نہیں،
بنگال میں تخریبی سرگرمیوں میں سرگرم۔ ممتا بنرجی کا دعویٰ

میجیا ؍ چھتنا (مغربی بنگال) : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ پر الزام عائد کیاکہ وہ ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل ٹی ایم سی قائدین کو ہراساں کرنے کی سازش رچارہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے جاننا چاہا کہ آیا الیکشن کمیشن کو امیت شاہ سے ہدایات مل رہی ہیں؟ چیف منسٹر مغربی بنگال نے دعویٰ کیاکہ امیت شاہ اپنی ریالیوں میں لوگوں کی کم تعداد پر مایوس ہیں اور مرکزی وزراء اِس حد تک منصوبے بنارہے ہیں کہ مجھے قتل کردیا جائے۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ مرکزی حکومت کے پاس 4 مہینے سے احتجاج پر بیٹھے کسانوں سے بات کرنے کا وقت نہیں لیکن اُن کے وزراء کی پوری پلٹن مغربی بنگال میں پہونچ گئی ہے۔ وہ ضلع بنپورہ میں جلسہ عام سے خطاب کررہی تھیں۔ اُنھوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیاکہ اُنھیں قتل کرنے کی سازش رچائی جارہی ہے اور اپنے دعوے کی تائید میں بتایا کہ اُن کے ڈائرکٹر سکیورٹی ویویک سہائے کو الیکشن کمیشن نے عہدہ سے ہٹادیا جس کے بعد گزشتہ ہفتے نندی گرام میں اُنھیں ناخوشگوار واقعہ سے گزرنا پڑا جس میں اُنھیں چوٹیں آئیں۔ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ امیت شاہ کی حرکتوں کا نوٹ لے اور تعجب کیاکہ آیا الیکشن کمیشن کو زعفرانی پارٹی نے سیاسی آلہ کار بنادیا ہے۔ اُنھوں نے سوال کیاکہ کیا الیکشن کمیشن کو امیت شاہ چلارہے ہیں۔ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کو ہدایات جاری کررہے ہیں۔ آخر اس معتبر ادارہ کی آزادی کہاں چلی گئی۔ ممتا بنرجی نے دعویٰ کیاکہ امیت شاہ نے کئی جلسے منعقد کئے جس میں اُنھیں عوام کی طرف سے خاطر خواہ حمایت حاصل نہیں ہوئی جس پر مرکزی وزیر بوکھلا گئے ہیں۔ مرکزی وزراء نے ریاست میں تمام ہوٹلیں بُک کرلی ہیں۔ وہ ٹی ایم سی امیدواروں کے خلاف مقدمات بنانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ وہ اپنے سیاسی حریفوں کے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی ٹیموں کو بھیج رہے ہیں۔ نندی گرام اراضی تحریک کے پس پردہ قائدین کو بھی نوٹسیں مل رہی ہیں۔ ممتا بنرجی نے مطالبہ کیاکہ ہر شہری کے لئے فری ایل پی جی ہونا چاہئے۔ بی جے پی ریلوے، کول انڈیا کو بیچ رہی ہے، بی ایس این ایل اور بینکوں کو بند کررہی ہے۔عوام کو مرکز کے خلاف متحد ہوجانا چاہئے۔