مقامی جماعت اور کانگریس کارکنوں میں تصادم،محمد علی شبیر نے متاثرین سے ملاقات کی اور امداد حوالے کی
حیدرآباد۔ کانگریس قائدین کی جانب سے چادر گھاٹ سے متصل متاثرہ بستیوں کے دورہ کے موقع پر مقامی جماعت کے رکن اسمبلی کی قیادت میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ سابق سی ایل پی لیڈر محمد علی شبیر نے صدر نشین گریٹر حیدرآباد کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ سمیر ولی اللہ ، ترجمان پردیش کانگریس سید نظام الدین ، اشفاق احمد خاں اور کارکنوں کے ہمراہ موسی ندی سے متصل علاقوں کے دورہ پر پہنچے۔ حمایت ساگر کی گیٹوں کو کھولنے کے بعد علاقہ میں پانی داخل ہوگیا اور مکانات کو بھاری نقصان پہنچا۔ کانگریس قائدین جیسے ہی پہنچے پہلے سے موجود رکن اسمبلی نے حامیوں کے ساتھ ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ وہ کانگریس قائدین کو واپس جانے کا مطالبہ کرنے لگے۔ اس موقع پر کانگریس اور مقامی جماعت کے کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار اور دھکم پیل ہوئی۔ دونوں نے نعرہ بازی کی ۔ صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ مقامی متاثرہ افراد نے مجلسی کارکنوں کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی امداد کیلئے کوئی بھی آسکتا ہے کسی کو روکنا درست نہیں ۔ مقامی افرادکی ناراضگی کے بعد مجلسی کارکن خاموش ہوگئے۔ اسی دوران پولیس کی بھاری جمعیت پہنچ گئی اور مداخلت کرکے کانگریسی اور مجلسی کارکنوں کے تصادم کو ٹال دیا۔ تقریباً تین مقامات پر دونوں پارٹیوں کے درمیان نعرہ بازی ہوئی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کسی مصیبت کے موقع پر سیاسی وابستگی سے بالا ترہوکر ہر کسی کو متاثرین کی مدد کیلئے آگے آنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس سیاست کرنے نہیں بلکہ انسانی ہمدردی کے جذبہ کے تحت پہنچی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کی امداد کی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ متاثرین کی امداد کے معاملہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ کانگریس پارٹی کوئی مقامی پارٹی نہیں بلکہ قومی پارٹی ہے اور وہ مناسب وقت پر طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ محمد علی شبیر سے کئی متاثرہ خاندانوں نے ملاقات کرتے ہوئے اپنے نقصانات کی تفصیلات پیش کی۔ انہوں نے تیقن دیا کہ اس سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کی جائے گی۔ بعد میں محمد علی شبیر نے فنکشن ہال میں متاثرہ خاندانوں میں غذائی اجناس ، غذائی پیاکٹس، بلانکٹس اور نقد رقم تقسیم کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد میں مقامی جماعت ناکام ہے اور دیگر افراد کو بھی مدد سے روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کہا کہ عوام مقامی جماعت کی عدم کارکردگی سے سخت نالاں ہیں اور کانگریس کے قریب آرہے ہیں۔ محمد علی شبیر نے مقامی جماعت کے غنڈوں پر متاثرہ علاقوں میں مصروف اپوزیشن و رضاکارانہ تنظیموں کے راحت کاموں میں رکاوٹ کا الزام عائد کیا۔ انہوںنے کہا کہ چادر گھاٹ علاقہ میں رکن اسمبلی احمد بلعلہ نے روڈی شیٹرس کے گروہ کے ساتھ کانگریس کے ریلیف کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی اور پولیس کی مداخلت پر تصادم ٹل گیا۔