متاثرین کی امداد میں ناکامی کے خلاف ہنمنت راؤ کی ایک روزہ بھوک ہڑتال

   

اپوزیشن کا اظہار یگانگت، اتم کمار ریڈی نے شربت پیش کیا
حیدرآباد۔/30 اپریل، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ایک روزہ بھوک ہڑتال کا اہتمام کیا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریبوں اور کسانوں کی فوری مدد کی جائے۔ ہنمنت راؤ نے اپنی قیامگاہ پر آج صبح بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تھا۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام نے بھوک ہڑتال سے اظہار یگانگت کیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے ہنمنت راؤ سے ملاقات کی اور بھوک ہڑتال کی تائید کی۔ اتم کمار ریڈی نے شربت پیش کرتے ہوئے ہنمنت راؤ کی بھوک ہڑتال ختم کی۔ اس موقع پر کانگریس قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سی پی آئی کے سینئر قائد اور سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ نے بھی ہنمنت راؤ کی بھوک ہڑتال سے اظہار یگانگت کیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ حکومت کی ناکامیوں کو اُجاگر کرنے کیلئے بھوک ہڑتال کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اپوزیشن کو نظرانداز کرچکے ہیں جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی کوویڈ 19 کی موجودہ صورتحال میں اپوزیشن سے مشاورت کررہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کئی وزراء اپنی ذمہ داریوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ریڈ زون علاقوں کا دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کی پیداواری اشیاء کی خریدی کا اعلان کیا تھا لیکن دیہی علاقوں میں آج بھی کسان پیداوری اشیاء کی فروخت کیلئے مسائل کا شکار ہیں تاخیر کے نتیجہ میں کسانوں کا بھاری نقصان ہورہا ہے۔ ہنمنت راؤ نے اپوزیشن کی رائے حاصل کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے ہنمنت راؤ کی ستائش کی جنہوں نے عوامی مسائل پر حکومت کی توجہ مبذول کرنے کیلئے بھوک ہڑتال کی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ہنمنت راؤ کے مطالبات پر پارٹی فورم میں غور کرتے ہوئے احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی۔ ہر ضلع میں پارٹی قائدین اور کارکن ایک دن بھوک ہڑتال کریں گے۔