متحدہ عرب امارات اور قطر کے سفارتی تعلقات بحال ہونے کے قریب

   

دبئی : حکام کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور قطر سفارتی تعلقات بحال کر رہے ہیں اور ’چند ہفتوں‘ میں سفارت خانے کھولنے جا رہے ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ اقدامات عرب ممالک کی جانب سے دو برس قبل دوحہ کا بائیکاٹ ختم کرنے کے بعد کیے جا رہے ہیں۔یو اے ای کے حکام نے روئٹرز کو بتایا کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی ہو رہی ہے، جس میں سفارت خانوں کو دوبارہ کھولنا بھی شامل ہے۔قطر کے انٹرنیشنل میڈیا آفس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جتنی جلد ممکن ہو سکے سفارت خانے کھولنے پر کام ہو رہا ہے۔قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ایک بریفنگ میں کہا کہ ’میرے خیال میں اگلے چند ہفتوں میں دونوں ممالک میں سفارت خانے کھل جائیں گے۔تعلقات کی بحالی ایسے وقت پر ہو رہی ہے جب سعودی عرب اور ایران نے گذشتہ ماہ کئی برسوں سے جاری مخاصمت کو ختم کرنے اور سفارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔