متحدہ عرب امارات کی سرکاری ایر لائنس ایمیرٹس کے پائیلٹس و عملہ کو رخصت

   

قطر ایر ویز کے فلپائن ملازمین برطرف ، انڈیگو پروازوں میں کمی
حیدرآباد۔19مارچ(سیاست نیوز) کورونا وائرس کی وباء سے جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کا سب سے بڑا نقصان ہوابازی کے شعبہ کا ہوا ہے اور متحدہ عرب امارات کی سرکاری ائیر لائنس ایمیریٹس نے پائلٹس اور دیگر عملہ سے کہا ہے کہ وہ بلا اجرت رخصت حاصل کرلیں تاکہ کمپنی کو نقصان کے ساتھ ملازمین کی صحت کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جاسکے ۔ اسی طرح قطر کی سرکاری ائیر لائنس قطر ائیرویز نے بھی فلپائن سے تعلق رکھنے والے 200ملازمین کو برطرف کرنے کے احکام جاری کرتے ہوئے انہیں اپنے ملک روانہ ہونے کی تاکید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ موجودہ حالات میں ائیر لائنس کے ملازمین کو تنخواہ کی اجرائی کے متحمل نہیں ہیں۔ ہندستان میں انڈیگو اور اسپائس جیٹ کی پروازوں میں کمی کی گئی ہے اور گو ائیر نے بھی اپنی چند پروازوں کو نہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے کہا جا رہا ہے کہ مسافرین کی آمد ورفت میں ہونے والی کمی سے ہونے والی نقصانات کی پابجائی کیلئے ہندستان میں بھی مستقبل قریب میں ایسے سخت فیصلوں کا امکان ہے۔