متصلہ ندیوں کے مسلسل بہاؤ کے سبب اندرون چار یوم باندھ کے اوپر سے پانی بہنا یقینی

   

گمبھی راؤ پیٹ ۔ 31 ۔ اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راجندر سرسلہ ضلع کے گمبھی راؤ پیٹ (نرمال) میں واقع اپر مانیر پراجکٹ کے اطراف و اکناف میں گزشتہ دو ہفتوں سے ہورہی وقفہ وقفہ کی تیز رفتار بارش کی وجہ سے تقریباً سرسبز ہوچکا ہے ۔ ضلع کاما ریڈی کے پلونچہ اور ضلع سدی پیٹ کے کوڈیلی ندی کے مسلسل بہاؤ کی وجہ سے پراجکٹ کی سطح آب میں مزید اضافہ کا قوی امکان ہے ، جس کی وجہ سے اندرون دو یا چار یوم پانی پراجکٹ کے باندھ کے اوپر سے چادر کی شکل میں بہنے کی پیش قیاسی کی جارہی ہے ۔ واضح ہو کہ تل چاٹ سے 31 فٹ کی بلندی والے اس مانیر پراجکٹ میں آج پانی کی سطح 27 فٹ ریکارڈ کی گئی ۔ سن 1943 ء تا 1947 ء کے درمیان نظام دور حکومت میں تعمیر کردہ یہاں کا یہ پراجکٹ فن تعمیر کا ایک بہترین شاہکار ہے۔ 9201 میٹر طویل36 15290(103M) کیاشمنٹ ایریا اور 15.3km2 سرفیس کی گنجائش رکھنے والے اس پراجکٹ کے ذ خیرہ شدہ پانی پر علاقہ کی تقریباً 18 ہزار ایکڑ اراضی کاشت کی قابل رہے گی۔ پراجکٹ کے سرسبز ہونے کے ساتھ ہی پانی پراجکٹ کے باندھ کے اوپر سے چادر کی شکل میں بہنا شروع ہوتا ہے ۔ جس کا دلچسپ اور خوبصورت نظارہ کرنے یہاں قریبی اضلاع سے عوام کا اژدھام یہاں پہنچتا ہے ۔ پراجکٹ کے پانی کی سطح میں بتدریج اضافہ پر علاقہ کے کسانوں ، کاشتکاروں میں ایک خوشی کی لہر دیکھی جارہی ہے اور عوام کی ایک بڑی تعداد پانی کے چادر کی شکل میں بہنے کا بے چینی سے انتظار کر رہی ہے تاکہ اس نظارے سے لطف اندوز ہوسکے۔