متھالی راج کے 200 ویں ونڈے میں بھی ہندوستان کو شکست

   

ہیملٹن۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندستانی مرد ٹیم کو ہیملٹن میں ملی شرمناک شکست کے بعد ہندستانی خاتون ٹیم کو بھی اسی میدان میں میزبان نیوزی لینڈ کے ہاتھوں تیسرے ونڈے کرکٹ میچ میں جمعہ کو آٹھ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔دلچسپ ہے کہ دونوں ہندستانی ٹیموں کو نیوزی لینڈ میں سیریز جیتنے کی تاریخ رقم کرنے کے بعد اگلے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندستانی مرد ٹیم کل صرف92 رنز پر ڈھیر ہونے کے بعد چوتھے ون ڈے میں آٹھ وکٹ سے ہار گئی تھی جبکہ خاتون ٹیم آج44 اوور میں149 رن پر محدود ہوئی اور اسے بھی آٹھ وکٹ سے شکست کھانی پڑی۔ نیوزی لینڈ نے29.2 اوور میں دو وکٹ پر 153 رن بنا کر آسان جیت حاصل کر لی۔ہندستانی ٹیم نے اس شکست کے باوجود تین میچوں کی سیریز2-1 سے جیت لی۔ دونوں ٹیمیں اس کے بعد چھ فروری سے تین میچوں کی ٹوئنٹی20 سیریز کھیلیں گی جس کا پہلا میچ ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ہندستانی خاتون ونڈے کپتان متھالی راج کا یہ200 واں ونڈے میچ تھا لیکن انہیں بھی روہت شرما کی طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ روہت نے کل ہندستان کی کپتانی سنبھالی تھی اوروہ ان کا200 واں ونڈے تھا جس میں انہیں آٹھ وکٹ سے شکست ملی۔ متھالی کو بھی اپنے 200 ویں ونڈے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔متھالی200 ونڈے کھیلنے والی دنیا کی پہلی خاتون کرکٹر بنیں۔ متھالی کے نام پہلے ہی سب سے زیادہ ونڈے کھیلنے کا ریکارڈ درج تھا۔ انہوں نے اپنا192 واں ونڈے کھیلتے ہی یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا اور انگلینڈ کی سابق کپتان شارلٹ ایڈورڈز کے ریکارڈ کو توڑا تھا۔ہندوستان کی میچ میں کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ گزشتہ دو میچوں میں سنچری اور نصف سنچری بنانے والی اوپنر سمرتی مدھانا محض ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئیں جبکہ جیمما روڈرگس12 رنز ہی بنا سکیں۔کپتان متھالی راج اپنے200 ویں ونڈے میں9 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئیں۔ دپتی شرما(52) اور ہرمن پریت کور(24) نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن27 ویں اوور میں ہرمن پریت اینا پیٹرسن کی گیند پر طویل شاٹ لگانے کے کوشش میں بولڈ ہوگئیں۔ ہرمن پریت نے 40 گیندوں کی اننگز میں دو چوکے لگائے ۔ دیالن ہیم لتا32 گیندوں میں 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ دپتی نے 90 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 52 رن بنائے اور وہ ساتویں وکٹ کے طور پر ٹیم کے 129 کے اسکور پر آؤٹ ہوئی۔ ہندوستانی اننگز44 اوورمیں149 رن پر سمٹ گئی۔ آف اسپنر اینا پیٹرسن نے10 اوور میں28 رنز دے کر سب سے زیادہ چار وکٹ لئے جبکہ لی تاھہ کو26 رنز پر تین وکٹ اور ایمیللیا کیر کو43 رنز پر دو وکٹ ملے ۔150 رنز کے آسان ہدف کا تعاقب میں نیوزی لینڈ کا پہلا وکٹ 22 رنز کے اسکور پر گرا۔ لارین (10) کو جھولن گوسوامی نے رن آؤٹ کیا۔ سوجی بیٹس(57) اورکپتان ایمی سیٹرتھویٹ (ناٹ آؤٹ 66) نے نصف سنچری اننگز کھیلی۔ دوسری وکٹ کے لئے 84 رنزبنے۔ ٹیم کا اسکور جب106 رنز پر تھا تبھی بیٹس کو پونم یادو نے بولڈ کر دیا۔ بیٹس کی طرف سے 64 گیندوں پر 57 رن میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اس کے بعد کپتان سوفی ڈیون ناٹ آؤٹ 17 کے ساتھ ٹیم کو 124 گیند قبل جیت کی منزل پر پہنچا دیا۔