متھرا اور کاشی کا مسئلہ اٹھانا عبادت گاہ ایکٹ 1991 کے منافی: مولانا ارشد مدنی 

   

نئى دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ہمیں کاشی اور متھرا کی مساجد کے سروے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ آپ جتنا چاہیں ان مساجد کا سروے کر سکتے ہیں۔ لیکن اگر عبادت گاہوں کا قانون 1991 میں نافذ کیا گیا تو ان مسائل کو نہیں اٹھایا جانا چاہیے۔ اس حوالے سے سیکولر کہنے والی سیاسی جماعتوں کی خاموشی درست نہیں ہے جنہوں نے یہ قانون بنایا تھا کم از کم ان کو آواز اٹھانی چاہئے۔ مولانا ارشد مدنی نئی دہلی واقع کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں منعقدہ پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے گیان واپی کیس میں مسلم فریق کی درخواستوں کو مسترد کیے جانے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ (مسجد کی) کمیٹی گیان واپی کیس میں سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ جہاں تک مجھے معلوم ہے اس نے کچھ وکلاء سے بھی بات کی ہے۔