کوآرڈینیٹرس اور قائدین کو متحرک ہونے کا مشورہ، آر سی کنتیا، اتم کمار ریڈی ، جانا ریڈی اور ہنمنت راؤ کی شرکت
حیدرآباد ۔ 17۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مجالس مقامی کے انتخابات کیلئے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے آج اہم قائدین اور پارٹی کے مقرر کردہ کوآرڈینیٹرس کے ساتھ کا اجلاس منعقد کیا ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا ، سابق صدر پردیش کانگریس پنالا لکشمیا ، خازن پی سی سی جی نارائن ریڈی اور دیگر اہم قائدین نے شرکت کی ۔ پردیش کانگریس نے 32 اضلاع کے لئے پارٹی کوآرڈینیٹرس کا تقرر کیا ہے ۔ کوآرڈینیٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے مقامی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرے اور امیدواروں کے انتخاب میں عجلت کی جائے ۔ قائدین نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنانے کیلئے کیڈر کو متحرک کیا جائے ۔ کل 18 اپریل کو 32 اضلاع میں کوآرڈینیٹرس مقامی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے امیدواروں کے ناموں کا جائزہ لیں گے ۔ 19 اپریل کو امیدواروں کی فہرست پردیش کانگریس کمیٹی کو روانہ کردی جائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس پارٹی کے بہتر مظاہرے کے امکانات روشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی دھاندلیوں کی روک تھام کیلئے قائدین کو چوکس رہنا چاہئے ۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے مجالس مقامی کے انتخابات میں حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں جس طرح ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی توہین کی گئی ، اس مسئلہ کو عوام تک پہنچایا جائے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ پسماندہ طبقات کے علاوہ کئی اعلیٰ طبقات کے قائدین بھی حکومت سے ناراض ہیں۔ لہذا ان کی تائید حاصل کی جاسکتی ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ گاؤں گاؤں جاکر دلتوں میں شعور بیدار کریں گے۔ سابق قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کے غیر جمہوری اور غیر دستوری طرز حکمرانی کے خلاف عوام متحد ہوچکے ہیں ۔ کانگریس قائدین کو چاہئے کہ وہ عوام سے رجوع ہوکر شعور بیدار کریں تاکہ مجالس مقامی کے انتخابات میں فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو حکومت کے خلاف جدوجہد میں شدت پیدا کرنی چاہئے ۔
