رکن پارلیمنٹ آر کرشنیا کی مہیش کمار گوڑ اور پونم پربھاکر سے ملاقات
حیدرآباد ۔13۔فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کی بی سی تنظیموں نے طبقاتی سروے میں حصہ لینے کیلئے 16 تا 28 فروری عوام کو سہولت دیئے جانے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ بی سی تنظیموں کے نمائندوں نے سکریٹریٹ میں وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ سے ملاقات کی اور حکومت کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ رکن پارلیمنٹ آر کرشنیا کی قیادت میں بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے دانشوروں ، پروفیسرس اور جہد کاروں نے حکومت کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کریں۔ سابق آئی اے ایس عہدیدار چرنجیویلو ، ونئے کمار ، کرشنا موہن اور دوسروں نے کہا کہ طبقاتی سروے میں 4 فیصد افراد نے حصہ نہیں لیا ہے اور حکومت صد فیصد سروے کی تکمیل کیلئے ایسے افراد کو موقع فراہم کر رہی ہے۔ آر کرشنیا نے مجالس مقامی میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ سروے کی تکمیل کے بعد حکومت کابینہ میں تحفظات کا تعین کرتے ہوئے اسمبلی میں بل منظور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں 42 فیصد تحفظات بل کی منظوری کیلئے وزیراعظم نریندر مودی سے نمائندگی کی جائے گی ۔ انہوں نے بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والی تنظیموں ، دانشوروں اور جہد کاروں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی مساعی میں تعاون کریں۔1