مجالس مقامی چناؤ کیلئے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی تیاریاں

   

تحفظات کو قطعیت کا انتظار، 3 مراحل میں چناؤ کے انعقاد کا منصوبہ
حیدرآباد 13 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ سے پنچایت راج اداروں اور مجالس مقامی انتخابات کیلئے 30 ستمبر کی مہلت کے بعد اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے انتخابی تیاریوں کا آغاز کردیا ۔ کمیشن کو حکومت سے تحفظات کے تعین کا انتظار ہے۔ حکومت نے 42 فیصد بی سی تحفظات کے حق میں آرڈیننس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن ذرائع کے مطابق تحفظات کے تعین کا عمل جیسے ہی مکمل ہوگا کمیشن انتخابی شیڈول کو قطعیت دے گا۔ ریاست میں 12777 گرام پنچایت ، 5982 منڈل پریشد و 585 زیڈ پی ٹی سی نشستوں کے انتخابات باقی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ کی تیاری، بیلٹ باکسیس، پولنگ مراکز اور دیگر امور پر عہدیدروں سے مشاورت کا آغاز کردیا ۔ کمیشن ضلع کلکٹر سے مشاورت کرکے حساس و غیر حساس علاقوں کی نشاندہی کریگا تاکہ اضافی سیکوریٹی انتظامات کئے جاسکیں۔ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات پارٹی انتخابی نشان پر منعقد کئے جاتے ہیں۔ برسر اقتدار پارٹی مجالس مقامی میں بہتر مظاہرہ کی امید کررہی ہے۔ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کے نتائج کے بعد پنچایت راج اداروں میں سرپنچوں اور اُپ سرپنچ کیلئے چناؤ ہوگا۔ پنچایت راج اداروں کے چناؤ سیاسی اساس پر نہیں ہوتے لہذا پارٹیوں کو تائیدی امیدواروں کی کامیابی کیلئے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ بی سی تحفظات کے بعد اسٹیٹ الیکشن کمیشن 3 مراحل میں انتخابات کا شیڈول جاری کرسکتا ہے۔ 2019 میں 3 مراحل میں مجالس مقامی انتخابات ہوئے تھے۔ سیاسی پارٹیوں کو انتخابی مہم کیلئے مناسب وقت دینے اور آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے سیکوریٹی فورسیس کی منتقلی کے پیش نظر ایک مرحلہ میں چناؤ منعقد کرنا دشوار رہے گا۔ 1