دو روزہ تربیتی پروگرام ، نئے تقرر کردہ عہدیداروں سے چیف سکریٹری سومیش کمار کا خطاب
حیدرآباد ۔17 ۔ نومبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے ریاست میں نئے مقرر کردہ ایڈیشنل کلکٹرس (لوکل باڈیز) کو ہدایت دی ہے کہ سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری کیلئے عوام کے اشتراک کو یقینی بنائیں۔ چیف سکریٹری نے نئے ایڈیشنل کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مجالس مقامی کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے تجاویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی بھلائی کیلئے جن فلاحی اسکیمات کا آ غاز کیا ہے ، ان پر موثر عمل آوری ایڈیشنل کلکٹرس کی ذمہ داری ہے ۔ حکومت کی جانب سے ایڈیشنل کلکٹرس کیلئے دو روزہ ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ سومیش کمار نے کہا کہ مجالس مقامی میں جن اسکیمات پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ، ان میں پلے پرگتی ، پٹنا پرگتی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق پروگرامس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سطح پر عوام کو بنیادی سہولتوںکی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ایڈیشنل کلکٹرس اسکیمات کے فوائد عوام تک پہنچانے میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ کسی بھی علاقہ کا دورہ کرنے سے قبل ایڈیشنل کلکٹرس کو چاہئے کہ وہاں عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اشتراک سے مختلف ترقیاتی کاموں کی نگرانی کیلئے کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جائے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں صحت و صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ پلے پرگتی پروگرام کے تحت گرام پنچایتوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ٹریکٹرس ، ٹرالی کی فراہمی کچرے کی نکاسی کے لئے انتظامات اور دیگر امور پر توجہ دینے ایڈیشنل کلکٹرس کو ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی جن کی کارکردگی بہتر نہیں ہے، ان پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اس موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار ، سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ ، ڈائرکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر ست نارائنا ، کمشنر پنچایت راج ہنمنت راؤ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر