مجالس مقامی کی 6 ایم ایل سی نشستوں کیلئے کل رائے دہی ‘انتظامات مکمل

,

   

چیف الیکٹورل آفیسر ششانک گوئل کی کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس،5326 رائے دہندوں کی نشاندہی
حیدرآباد۔/8ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر ششانک گوئل نے 5 متحدہ اضلاع کی 6 مجالس مقامی ایم ایل سی نشستوں کی رائے دہی کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ انتظامات کا جائزہ لیا۔ 10 ڈسمبر کو 6 ایم ایل سی نشستوں کیلئے رائے دہی مقرر ہے جس کے لئے 37 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ششانک گوئل نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ رائے دہی کے سلسلہ میں تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ مراکز پر حفاظتی انتظامات سخت کئے جائیں۔ ششانک گوئل نے ضلع کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں سے سیکوریٹی انتظامات کے سلسلہ میں تفصیلات حاصل کی اور ہدایت دی کہ پولنگ مراکز پر کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے۔ پولنگ مراکز میں ٹیلی فون اور کیمرہ لے جانے کی ہرگز اجازت نہیں رہے گی۔ تمام پولنگ مراکز پر ویب کاسٹنگ یا ویڈیو گرافی کا انتظام کیا جائے گا تاکہ کسی بھی دھاندلی کو روکا جاسکے۔ ششانک گوئل نے متعلقہ ضلع کلکٹرس، سپرنٹنڈنٹس آف پولیس اور کمشنرس کو انتظامات کے سلسلہ میں وقتا فوقتاً آگاہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ نتائج کا 14 ڈسمبر کو اعلان کیا جائے گا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق 14 ڈسمبر تک نافذ رہے گا۔ 6 نشستوں کیلئے 5326 رائے دہندے اپنے حق کا استعمال کریں گے۔ مجالس مقامی میں ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی ارکان کے علاوہ کارپوریٹرس اور کونسلرس کو ووٹ کا حق حاصل رہے گا۔ ٹی آر ایس کو اگرچہ تمام حلقوں میں اکثریت حاصل ہے لیکن 2 حلقہ جات میدک اور کھمم میں اسے کانگریس سے مقابلہ درپیش ہے جبکہ کریم نگر میں ٹی آر ایس باغی امیدوار نے پارٹی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ ٹی آر ایس نے انحراف کو روکنے کیلئے مجالس مقامی کے نمائندوں کو مختلف تفریحی مقامات کی سیر کا انتظام کرتے ہوئے کیمپس منعقد کئے ہیں۔ رائے دہندے کل 9 ڈسمبر کو اپنے متعلقہ اضلاع واپس ہوں گے۔ر