بلقیس بانو کیس میںسپریم کورٹ کا شنوائی سے اتفاق
نئی دہلی: سپریم کورٹ گجرات کے بلقیس بانو کیس میں قصورواروں کو سزا میں دی گئی چھوٹ کے خلاف دائر پی آئی ایل پر سماعت کرے گی۔ چیف جسٹس این وی رمنا کی بنچ نے سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل اور ایڈوکیٹ اپرنا بھٹ کے ’خصوصی تذکرہ‘کے دوران جلد سماعت کی درخواست پرمنگل کو اتفاق کیا۔2002 کے گودھرا فسادات کے دوران 14 لوگوں کے قتل اور ایک حاملہ خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کے قصوروار 11 لوگوں کو دی گئی چھوٹ کو چیلنج کیا گیا ہے ۔ جسٹس رمنا کی بنچ نے متعلقہ وکیل سے پوچھا کہ کیا رہائی سپریم کورٹ کے حکم کی بنیاد پر ہوئی۔ اس پر کپل سبل نے کہا کہ عرضی گزار عدالت عظمیٰ کے حکم پر سوال نہیں اٹھا رہے ہیں، بلکہ 11 مجرمین کو چھوٹ دینے کی ’بنیاد‘پر سوال اٹھا رہے ہیں۔وکلاء نے حقائق پیش کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس اجے رستوگی کی بنچ نے گجرات حکومت کو 11ملزمان کو سزا سنائے جانے کے وقت ’’عملی طور پر چھوٹ‘‘کے قوانین کو لاگو کرنے کی اجازت دی تھی۔