مجلس بلدیہ بودھن کا ماہانہ اجلاس، مختلف اُمور پر مباحث

   

سفید راشن کارڈس اور اقلیتی مسائل پر کونسلرس ولی الدین اور قدیر خان کی توجہ دہانی
بودھن : 30 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیرپرسن بلدیہ بودھن پدما شرت ریڈی کی صدارت میں آج مجلس بلدیہ بودھن کے ماہانہ اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس اجلاس میں شریک ایم آئی ایم فلور لیڈر قدیرخان حبیب اور کونسلر محمد ولی الدین نے کونسل کی توجہ شہریان بودھن کے مسائل کی جانب مبذول کرواتے ہوئے بتایا کہ سال 2022 کے دوران اکثریتی و اقلیتی طبقات کی میتوں کو قبرستان منتقل کرنے دو لاریوں کی خریدی کیلئے کونسل نے منظوری دے دی تھی لیکن بلدی انتظامیہ نے صرف اکثریتی فرقہ کیلئے لاری خریدی ۔ ولی الدین نے کہا کہ مسلم میتوں کو قبرستان منتقل کرنے خانگی کرایہ کی لاریاں حاصل کرنا پڑرہا ہے ۔ ارکان بلدیہ نے تقریباً دو سال قبل سڑکوں کی عصری طریقہ پر صاف صفائی کیلئے ایک کروڑ روپئے لاگت سے خریدی گئی لاریو ں کے تاحال عدم استعمال پر سوال اٹھاتے ہوئے تجویز پیش کی کہ عصری لاری فوری واپس لوٹا دی جائے اور اس کے بجائے JCB اور کچرا کھینچنے کے آٹوز خریدا جائے جس کی شدید ضرورت محسوس کی جارہی ہے ۔ قدیر خان نے کہا کہ سفید راشن کارڈس رکھنے والے ہر شہری کے مکان کو مفت سربراہی آب کا کنکشن دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل بیڈ رومس کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے فوری مستحق افراد کو مکانات الاٹ کیا جاناضروری ہے ۔ کمشنر بلدیہ وینکٹ نارائنا نے کونسل کو واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ آج کے اجلاس میں پیش کئے گئے 10اُمور کو متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی اور 15ویں فینانس کمیشن کے تحت مختص کردہ رقم 58 لاکھ روپئے کی اجرائی کیلئے کونسل نے منظوری دے دی ۔ اس اجلاس میں دیگر ارکان بلدیہ نے بھی اپنے بلدی حلقوں کے مسائل پیش کئے اور فوری یکسوئی کا چیرپرسن بلدیہ پدما شرت ریڈی سے مطالبہ کیا ۔