حیدرآباد: مغربی بنگال اسمبلی کیلئے جاریہ انتخابات میں پرانے شہر حیدرآباد کی نمائندہ سیاسی جماعت مجلس کا پانچ تا آٹھ نشستوں پر مقابلہ متوقع ہے۔ دیگر ریاستوں کے حالیہ اسمبلی چناؤ میں اسد الدین اویسی کی زیرقیادت مجلس نے کئی نشستوں سے مقابلہ کیا۔ بالخصوص بہار اسمبلی الیکشن میں مجلس نے مخصوص خطے سے پانچ سیٹیں جیتے ہیں۔ اس پس منظر میں مجلس کی جانب سے بنگال اسمبلی الیکشن میں کچھ زیادہ سیٹوں پر مقابلے کی توقع کی جارہی تھی۔ تاہم، مجلس کو تب جھٹکا لگا جب بنگال میں درگاہ فرفورہ شریف کے سربراہ اور بااثر عالم عباس صدیقی کی بے التفائی برداشت کرنی پڑی۔ مجلس کے ایک سینئر لیڈر نے شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ پارٹی زیادہ تر ضلع مرشدآباد کی نشستوں پر چناؤ لڑے گی۔