حیدرآباد۔3۔فروری(سیاست نیوز) جناب سید احمد پاشاہ قادری زریں کلاہ کا طویل علالت کے بعد آج شب برأت کی شام انتقال ہوگیا۔ جناب سید احمد پاشاہ قادری طویل عرصہ سے علیل تھے۔ وہ تین مرتبہ تلنگانہ ریاستی اسمبلی کیلئے حلقہ اسمبلی چارمینار سے منتخب ہوتے ہوئے اور 2018 میں وہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ سے سے وہ ایم ایل اے منتخب ہوئے۔وہ طویل مدت تک جنرل سکریٹری کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے عہدہ پر فائز رہے اور 2004 میں بیرسٹر اسدالدین اویسی کے لوک سبھا حیدرآباد سے مقابلہ کے نتیجہ میں خالی ہونے والی حلقہ اسمبلی چارمینار کی نشست سے انہیں امیدوار بناتے ہوئے متحدہ ریاست آندھراپردیش کی اسمبلی میں روانہ کیا گیا تھا ۔وہ گذشتہ نومبر سے شریک دواخانہ تھے انہیں چند یوم قبل ان کے مکان واقع کشن باغ منتقل کیاگیا تھا جہاں انہو ںنے آج آخری سانس لی۔ جانثاران مجلس کے صف اول کے قائدین میں انکا شمار ہوتا تھا جو کہ پہلی مرتبہ بلدیہ کیلئے 1986میں منتخب ہوئے تھے اور مجلسی رکن بلدیہ کی حیثیت سے 1991 تک خدمات انجام دیتے رہے ۔مرحوم کا تعلق شہرحیدرآباد کے سرکردہ مشائخ خانوادہ سے ہونے کے سبب وہ مجلس اتحادالمسلمین میں مشائخین کے نمائندہ کی حیثیت سے بھی اپنی منفرد شناخت رکھتے تھے ۔ سابق رکن اسمبلی کے انتقال کی اطلاع کے ساتھ ہی ان کے فرزند جناب سید جنید پاشاہ قادری زریں کلاہ سے اظہار تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا اور سرکردہ مجلسی قائدین علاوہ مختلف خانقاہوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات و مشائخین عظام نے پہنچ کر مرحوم کے فرزند کو پرسہ دیا۔ پسماندگان میں فرزند جناب جنید پاشاہ قادری کے علاوہ دو دختران شامل ہیں۔ جناب سید احمد پاشاہ قادری زریں کلاہ کی نماز جنازہ 4 فروری بروز چہارشنبہ بعد نماز ظہر جامع مسجد حکیم میر وزیر علی فتح دروازہ میں ادا کی جائے گی بعد ازاں تدفین احاطہ مسجد حضرت سید محی الدین پاشاہ قادری زریں کلاہ ؒ واقع نور خان بازار میں عمل میں آئے گی ۔ 3