مجھے وزیراعظم کے خطاب میں کچھ نیا نظر نہیں آیا : عمر عبداللہ

   

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بخشی اسٹیڈیم میں عوامی ریلی سے کئے گئے خطاب میں کچھ نیا نظر نہیں آیا۔انہوں نے کہاکہ لوگ جو سننے کی امید کرتے تھے وہ سننے کو نہیں ملا۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہارمیڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے خطاب میں مجھے کچھ نیا نظر نہیں آیا جو لوگ سننا چاہتے تھے وہ سننے کونہیں ملا۔ان کا کہنا تھا کہ لوگ خاص طور پر جمہوریت کی بحالی کے متعلق سننا چاہتے تھے ، میں جانتا ہوں کہ وزیر اعظم خود الیکشن کے بارے میں اعلان نہیں کرسکتے ہیں لیکن وہ عدالت عظمیٰ کی طرف سے جو 31 ستمبر کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے ، سے پہلے انتخابات ہونے کی بات کرسکتے تھے ۔عمر عبداللہ نے کہاکہ ہم مکمل ریاستی درجے کی بحالی، بے روز گاروںکیلئے روزگار پیکیج، عارضی ملازموں کی مستقلی، بجلی کے بحران کے بارے میں سننے کی امید کرتے تھے لیکن وہ امید ہی رہ گئی۔