محبت اور ملازمت کے نام پر خواتین کو ہراساں کرنے والا گرفتار

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ /6 جولائی، ( سیاست نیوز) محبت اور ملازمت کے نام پر خواتین کو لوٹنے اور انہیں ہراساں کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ سائبر کرائم پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 28 سالہ سنتوش عرف لڈو ساکن محبوب نگر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ خود کو ٹی وی سیریل آرٹسٹ ظاہر کرتے ہوئے اس نے انسٹا گرام پر ایک خاتون سے دوستی کی اور اس خاتون کو ریلوے میں ملازمت کا جھانسہ دے کر اس سے لاکھوں روپئے حاصل کرلئے۔ اپنی جان پہچان اور دوسری مصروفیات کا جھوٹا دعویٰ کرتے ہوئے اس نے ایک خاتون سے 3 لاکھ تین ہزار روپئے حاصل کرلئے اور اس سے رابطہ توڑ دیا۔ دوسرے واقعہ میں ملزم سنتوش نے ایک لڑکی سے پہلے دوستی کی اور اس کو ملازمت کاجھانسہ دیا اور رقم مانگی تاہم اس لڑکی نے رقم دینے سے انکار کردیا جس کے بعد اس نے لڑکی کو محبت کی پیشکش کی لیکن لڑکی نے اس پیشکش کو بھی مسترد کردیا جس کے بعد اس نے لڑکی کی تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کی اور انٹر نیٹ سے عریاں تصاویر حاصل کرنے کے بعد اس لڑکی کی تصاویر کو جوڑ کر انٹرنیٹ پر ڈال دیا۔ فرضی انسٹا گرام اکاؤنٹ تیار کرتے ہوئے اس لڑکی کو ڈرانے دھمکانے لگا۔