محبت کے نام پر ہراسانی ، لڑکی پر قاتلانہ حملہ

   

ملزم عاشق گرفتار ، مختلف تنظیموں کا احتجاج ، ایس پی نلگنڈہ کو یادداشت کی پیشکشی

نلگنڈہ : محبت کے نام پر لڑکی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے نوجوان کو پولیس نے حراست میں لے لیا ، یہ بات ضلع مہتمم پولیس نلگنڈہ محترمہ راما راجیشوری نے بتائی ۔ انھوں نے بتایا کہ کل دوپہر نلگنڈہ مستقر کے فاریسٹ آفس پارک میں ایم روہت اپنے دوست سائی کمار کی مدد سے نوویا نامی لڑکی کو بات کرنے کے بہانے دور لے جاکر چاقو سے متعدد وار کرکے شدید زخمی کردیا اور اپنی گاڑی چھوڑکر راہ فرار اختیار کرلی ۔ حملہ آور کا تعلقہ نلگنڈہ مستقر کے دیورکنڈہ روڈ … کالونی سے بتایا گیا ہے ۔ روہت چند دنوں سے محبت کے نام پر لڑکی کو ہراساں کررہا تھا ۔ اس میں ناکامی کو دیکھ کر دلبرداشتہ ہوا اور فون کرکے نوویا کو پارک کو طلب کیا جب وہ اپنے دوستوں کے ساتھ تھی تو وہاں پر پہونچ کر بات کرنے کے بہانے طلب کیا اور چاقو سے لڑکی کے پیٹ ، چہرے ، ٹانگوں اور جسم کے اوپری حصہ پر اندھا دھند وار کرکے شدید زخمی کردیا ۔ پولیس نلگنڈہ ڈی ایس پی مسٹر نرسمہا ریڈی نے فوری حرکت میں آتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور حملہ آور کو حراست میں لے لیا۔ ضلع مہتمم پولیس نے سرکل انسپکٹر مسٹر گوپی ، سب انسپکٹر مسٹر وینکٹ ریڈی ، ملازمین شکیل ، پروکانت کی ستائش کی ۔ اسی دوران آیدوا کمیٹی اور ایس ایف آئی کی جانب سے سبھاش چندرا بوس مجسمہ کے یہاں راستہ روکو احتجاج کرتے ہوئے جنونی روہت کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محترمہ راما راجیشوری کو تحریری یادداشت پیش کی ۔