محبوبہ مفتی ،ستیہ پال ملک کیخلاف مقدمہ درج کریں گی

   

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ ستیہ پال ملک، جو اس وقت میگھالیہ کے گورنر ہیں نے محبوبہ مفتی پر روشنی ایکٹ کے تحت سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کا الزام لگا دیا ہے ۔محبوبہ مفتی نے ان الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری قانونی ٹیم اس بیان پر ستیہ پال ملک کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موصوف گورنر کو اختیار ہے کہ وہ اپنے بیان کو واپس لے سکتا ہے بصورت دیگر میں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گی۔یہ باتیں انہوں نے چہارشنبہ کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہیں۔ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا: ‘میرے روشنی ایکٹ کا بنفیشری ہونے کے متعلق ستیہ پال ملک کی باتیں سراسر غلط ہیں میری قانونی ٹیم ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے ۔ ان (ستیہ پال ملک) کو اختیار ہے کہ وہ اپنے تبصرے کو واپس لیں بصورت دیگر میں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گی’۔محبوبہ مفتی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ستیہ پال ملک کے بیان کے اس حصے کا ویڈیو بھی اپ لوڈ کیا ہے جس میں وہ ان (محبوبہ مفتی) پر روشنی ایکٹ کے تحت زمین پر قبضہ کرنے کا الزام لگا تے ہیں۔