محبوبہ مفتی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ

   

سری نگر۔ پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جمعرات کی صبح یہاں راج باغ علاقے میں واقع انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے دفتر میں پیش ہوئیں جہاں منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔وہ صبح ٹھیک گیارہ بجے ای ڈی کے دفتر پہنچیں اور وہاں پہلے سے ہی موجود میڈیا کے نمائندوں سے کوئی بات کئے بغیر ہی سیدھے اندر چلی گئیں۔حکام نے ای ڈی دفتر کے گرد وپیش پہلے ہی سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے ۔بتادیں کہ ای ڈی نے محبوبہ مفتی کومنی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کے لئے 15 مارچ کو دلی میں واقع ان کے دفتر میں پیش ہونے کو کہا تھا تاہم اس وقت ان کو ذاتی طور حاضر ہونے پر اصرار نہیں کیا گیا تھا ۔اور بعد میں انہیں 22 مارچ کو حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔محبوبہ مفتی نے ای ڈی کے نام ایک مکتوب ارسال کیا تھا جس میں انہوں نے دلی کی بجائے سری نگر میں پیش ہونے کی گزارش کی تھی۔انہوں نے ای ڈی کی سمن کو سیاسی انتقام گیری قرار دیتے ہوئے اس پر روک لگانے کے لئے دلی ہائی کورٹ کی طرف رجوع کیا تھا تاہم جسٹس ڈی این پاٹل اور جسٹس جسمیت سنگھ پر مشتمل ایک بنچ نے ان کی عرضی کو مسترد کیا تھا۔ای ڈی کی طرف سے سمن موصول ہونے پر ان کا اپنے ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ مرکزی حکومت کی اپنے سیاسی مخالفین کو ڈرانے دھمکانے کی حکمت عملیاں عیاں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ وہ نہیں چاہتے ہیں کہ ہم ان کی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔