محبوب ساگر کے اطراف نیکلس روڈ کی تعمیر کا منصوبہ

   

سنگاریڈی کو سیاحتی مرکز کے طورپر فروغ دینے کی مساعی، رکن اسمبلی جگاریڈی کی پریس کانفرنس، تالاب کی اراضی پر غیر مجاز قبضہ پر اظہار تشویش

سنگاریڈی: مسٹر ٹی جئے پرکاش ریڈی ( جگا ریڈی) رکن اسمبلی سنگاریڈی نے شریمتی نرملا جگا ریڈی صدر ضلع کانگریس کمیٹی، جیا جگا ریڈی ، توپاجی اننت کشن سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی، انجینئلو، شنکر ریڈی، جارج اور دیگر کانگریس پارٹی قائدین کے علاوہ محکمہ جات ریونیو، بلدیہ، آبپاشی اور سیاحت عہدیداروں کے ہمراہ سنگاریڈی شہر کے محبوب ساگر ( بڑا تالاب) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جگا ریڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محبوب ساگر تالاب کو خوبصورت بناتے ہوے سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دی جائگی۔ تالاب کے اطراف 10 کیلومیٹر طویل نیکلس روڈ تعمیر کی جائے گی جس کے لیے حصول اراضی ہو چکی ہے۔ نیکلس روڈ کو برقی قمقموں سے روشن کرنے کے علاوہ مختلف تفریحی کام انجام دئے جائیں گے۔ نیکلس روڈ ایک بہترین تفریحی مقام ہوگا۔ اس کے علاوہ تالاب کے درمیان ایک جزیرہ پر محکمہ سیاحت کی جانب سے بہترین معیاری رسٹورنٹ کے قیام کی تحویز ہے جھاں پر 250 افراد کی دعوت کا اہتمام کرنے کے گنجائش والے انتظام کے علاوہ عوام اپنی فیملی کے ساتھ تفریحی وقت گزار سکتے ہیں۔ تالاب کے بنڈ سے ہوٹل تک رسائی کے لیے برج تعمیر کیا جائے گا۔ محبوب ساگر سنگاریڈی عوام کے لیے بہترین تفریحی اور سیاحتی مقام ہوگا۔ انھوں نے محکمہ سیاحت عہدیداروں کو ہدائت دی کہ رسٹورنٹ کی تعمیر اور دیگر سیاحتی سہولتوں کی فراہمی کے لیے تخمینہ رپورٹ تیار کرتے ہوئے منظوری کے لیے روانہ کریں۔ ریونیو عہدیداروں سے کہا کہ نیکلس روڈ کے لیے حاصل کردہ اراضی کے معاوضہ کی فوری ادائیگی کے اقدامات کریں۔ جگا ریڈی نے تالاب میں کچرا ڈالنے، موریوں کا گندہ پانی آنے سے تالاب میں آلودگی اور تالاب کی اراضی پر ناجائز قبضوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوے آبپاشی عہدیداروں سے کہا کہ مورویوں کے گندہ پانی کو تالاب میں آنے سے روکنے کے لیے موریوں کے پانی کا رخ جوگی پیٹ روڈ والے نالے کی جانب موڑ دیا جائے اور تالاب میں موجود جنگلی جھاڑیوں اور کچرا کو فوری صاف کیا جائے۔ بلدیہ عہدیداروں سے کہا کہ تلاب کٹہ شروع ہوتے ہی کچرا نظر آرہا ہے اس کی فوری صفاء کی جائے۔ تالاب اراضی پر ناجائز قبضوں اور کچرا کی روک تھام کے لیے 10 میٹر اونچی دیوار تعمیر کی جائے۔ محبوب ساگر تالاب پر عوام نہ صرف چہل قدمی کرتے ہیں بلکہ یھاں پر مچھلیوں کی افزائش بھی ہوتی ہے اور دھوبی بھی کام کرتے ہیں۔ بتکماں تہوار اور دیگر مواقع پر عوام کا اژدھام رہتا ہے چنانچہ تالاب کو خوبصورت اور سیاحتی مرکز بنانے کے دوران مچھیروں اور دھوبیوں کے مفادات کا تحفظ کیا جائیگا۔ بتکماں تہوار میں شہر سنگاریڈی کی خواتین یہیں پر جمع ہوتی ہیں اور تالاب میں موجودہ سیڑھیاں نا کافی ہے چنانچہ دسہرہ سے قبل مزید 450 میٹر طویل سیڑھیاں تعمیر کی جائیں گی۔ انھوں نے عہدیداروں کو ہدائت دی کہ محبوب ساگر تالاب کی ترقی اور اس کو خوبصورت و سیاحتی مرکز بنانے کے لیے تخمینہ تیار کریں وہ اس خصوص میں درکار فنڈس کی اجرائی کے لیے چیف منسٹر اور ضلع منسٹر کو مکتوب روانہ کریں گے۔ جگاریڈی نے کہا کہ شہر سنگاریڈی کے حدود میں واقع مخدوم نگر، کلواکنٹہ، راجم پیٹ، مارکس نگر، چوراستہ، رامچندر ریڈی نگر اور دیگر مقامات پر واقع تالابوںکا معائنہ کریں گے اور تالابوں کو آلودگی، ناجائز قبضوں سے محفوظ کرنے کے علاوہ اور ان کو خوبصورت بنانے کے اقدامات شروع کریںگے۔