محبوب عالم خاں کی درخواست ضمانت منظور

   

ایڈوکیٹ معز الدین قتل کیس…

حیدرآباد۔ 13 اگست (سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کے ساتویں ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج نے ایڈوکیٹ خواجہ معزالدین قتل کیس کے ملزم محبوب عالم خان کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔ توقع ہے کہ جمعہ کو ان کی چنچل گوڑہ جیل سے رہائی عمل میں آئے گی۔ 23 مئی 2026ء کو ایڈوکیٹ خواجہ معزالدین کا کار کی ٹکر سے ان کے مکان واقع وجئے نگر کالونی میں قتل کردیا گیا تھا اور 29 مئی کو نامپلی پولیس نے اس قتل کیس کے سلسلے میں مجاہد عالم خان کو ملزم نمبر 1 اور ان کے والد محبوب عالم خان کو ملزم نمبر 2 اور دیگر سات ملزمین کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔ پہلی درخواست ضمانت کو عدالت نے مسترد کردیا تھا جس کے بعد وکیل دفاع و نامپلی کریمنل کورٹ کے سینئر وکیل محمد مظفر اللہ خان شفاعت نے اس کیس کی پیروی کی اور عدالت میں بحث کی تھی۔ ساتویں ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج نے 13 اگست تک اپنے فیصلے کو محفوظ کردیا تھا اور آج مشروط ضمانت منظور کی گئی۔ عدالت نے اپنے احکام میں چنچل گوڑہ جیل سے ملزم کی رہائی کا حکم دیا اور انہیں ایک لاکھ روپئے دو ضمانتیں عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔جبکہ بعض شرائط بھی عائد کئے ہیں جس کی پابندی لازم ہے۔ اسی طرح عدالت نے اس کیس کے دیگر ملزمین عابد الرحمن اور نظام الدین کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا ہے۔ایڈوکیٹ خواجہ معزالدین قتل کیس کے دیگر دو ملزمین حسن علی عرف چاوش اور منیر ہنوز مفرور ہیں اور پولیس ان کو تلاش کررہی ہے۔ پولیس نے ان دو ملزمین کے خلاف ایرپورٹ پر لک آؤٹ سرکولر (ایل او سی) بھی جاری کیا ہے تاکہ وہ ملک سے فرار نہ ہوسکیں۔ ب JA

ڈی ایس پی بھیم ریڈی 2 دن کی تحویل میں
حیدرآباد۔ 13 اگست (سیاست نیوز) انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت نے گرفتار شدہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایس بھیم ریڈی کو تحقیقات کے سلسلے میں اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے دو دن کی تحویل میں لے لیا ہے۔ گزشتہ ماہ ایس بھیم ریڈی کو غیرمحسوب اثاثہ جات کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا اور ملزم عہدیدار پر مکانات پر دھاوے کئے گئے تھے جس میں 300 کروڑ روپئے کے غیرمحسوب اثاثہ جات رکھنے کا انکشاف ہوا تھا۔ اینٹی کرپشن بیورو نے بھیم ریڈی کو گرفتار کرتے ہوئے چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا تھا۔ تحقیقات کے دوران اے سی بی کو یہ پتہ چلا ہے کہ بھیم ریڈی نے بحیثیت انسپکٹر جڑچرلہ پولیس اسٹیشن اور اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس پٹن چیرو کے دور میں غیرمحسوب اثاثہ جات بنالئے تھے اور ان اثاثہ جات کو بے نامی افراد کے نام پر رکھا تھا جس کا انکشاف اے سی بی کے دھاوؤں میں ضبط شدہ ڈائری سے ہوا۔ ب JA
حیدرآباد کے علاوہ کرناٹک کے شہر بنگلورو اور دیگر مقامات پر بھی کروڑہا روپئے کے مکانات اور اراضی پلاٹ رکھنے کا انکشاف ہوا ہے اور لاکھوں روپئے کا بینک بیلنس بھی موجود ہونے کا پتہ لگایا ہے۔ بھیم ریڈی کے بینک لاکرس کو ان کی موجودگی میں کھولا جائے گا۔ ب JA