محبوب نگر میں آج آر ٹی سی ملازمین کا احتجاجی دھرنا

   

محبوب نگر 22؍ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آر ٹی سی ‘ جے اے سی کی جانب سے 24/23 ؍ ستمبر کو متحدہ ضلع کے تمام آر ٹی سی ڈپوز کے روبرو دھرنا منعقد کیا جائے گا یہ اطلاع ٹی ایم یو کے ریاستی سکریٹری جی یل گوڑ نے دی ۔ انہوں نے بتایا کہ 30 ؍ ستمبر کو ریجنل منیجر کے دفاتر کے روبرو بھی دھرنا منظم کیا جائیگا ۔ مسائل کی یکسوئی کے لئے ریاستی سطح پر جے اے سی کی تشکیل عمل میں لا ئی گئی ۔ چنانچہ متحدہ ضلع محبوب نگر میں بھی آر ٹی سی جے اے سی کا قیام عمل آیا ۔ جے اے سی سی ٹی یو ایم ٹی یو ‘ ایس ڈبلیو ایف سپروائزرس اسوسی ایشن شامل ہیں ۔ جی ایل گوڑ کو ریجنل جے اے سی کنوینر منتخب کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ ناانصافی پر اتر آئی ہے ۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے آر ٹی سی کے لئے کوئی تعمیری قدم نہیں اٹھایا۔ پڑوسی ریاستوں میں آر ٹی سی کو حکومتوں میں ضم کیا گیا ہے ۔ لیکن یہاں آر ٹی سی کو خانگیانے کے منصوبے زیر غور ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آر ٹی سی مزدوروں کی ملازمتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔