محبوب نگر: مستقر محبوب نگر کے موٹر لائن کے عقب میں واقع اولڈ پاور ہاوز سے متصل وقف اراضی پر ناجائز قبضے کی کوشش کی اطلاع ملتے ہی محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ نے سید سعادت اللہ حسینی، سید امجد علی، سجو پہلوان و دیگر کے ہمراہ مقام پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ ضلع کلکٹر سے انہوں نے مطالبہ کیا کہ موقوفہ اراضیات کو قبضوں سے محفوظ رکھنے کیلئے محکمہ مال اور وقف عہدیداروں پر مشتمل ٹاسک فورس تشکیل دی جائے۔ وقف کی اراضیات کو لینڈ گرابرس سے دور رکھنے کیلئے سخت اقدامات کے ساتھ ساتھ ناجائز قبضوں کی فوری برخواستگی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس تعلق سے بار بار تحریری نمائندگیوں کا کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناجائز قبضوں کو برخاست کروانے تحصیلدار ( منڈل وقف آفیسر ) کسی سیاسی دباؤ میں آئے بغیر ہدایات جاری کریں۔ اس موقع پر برہان بھائی، سید کلیم اللہ حسینی عتیق، مجو، شمیم اکرم، غوث اور دیگر نے وقف انسپکٹر کے ہمراہ تعمیری کاموں کو رکوادیا۔
