محبوب نگر میں ایرپورٹ لاکر رہیں گے: سرینواس گوڑ

   

ٹی آر ایس حکومت کو ترقیاتی کاموں کا جنون ، بریج کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب

محبوب نگر ۔ ٹی آر ایس حکومت فرقہ واریت اور ذات پات کا کوئی جنون نہیں رکھتی ۔ البتہ کوئی جنون رکھتی ہے تو وہ ترقیاتی کاموں کا جنون ہے اور سال کے بارہ مہینے مسائل ترقی کے منازل طئے کرنا ہی ہمارا مقصد ہے ۔ ان عزائم کا اظہار ریاستی وزیر آبکاری سرینواس گوڑ نے آج اپناپلی محبوب نگر میں دوسرے بریج کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اپناپلی کے پہلے برج کی سست رفتار تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے برج کیلئے12 سال سے کام جاری تھا لیکن میں نے رکن اسمبلی منتخب ہونے کے صرف 2 ماہ میں اس کی تعمیر کو مکمل کروایا ۔ انہوں نے دوسرے پل کی تعمیر کے تعلق سے بتایا کہ اس کیلئے 71 کروڑ روپیء منظور کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے پہلے برج کی تعمیر سے متاثرین کے تعلق سے کہا کہ بعض افراد جو گھروں سے محروم ہوئے تھے انہیں گمراہ کیا گیا ہم دھوکہ دہندگان کے خلاف کریمنل کیس درج کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ہم درمیانی آدمیوں کی وساطت کو بھی برداشت نہیں کرتے ۔ ہم براہ راست ان سے بات کریں گے اور بے گھر ہونے والوں کو ڈبل بیڈروم بہرحال دیں گے ۔ اپنی زمین فراہم کرنے والوں کو ہم نے مناسب معاوضہ بھی دیا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقی کی راہ میں رکاویٹیں پیدا کرنے اور گمراہ کرنے والوں پر بھروسہ نہ کریں ۔ ہم ترقی کیلئے تجاویز پیش کرنے والوں کا احترام اور خیرمقدم کرتے ہیں ۔ انہوں نے اعتماد سے کہا کہ ہم ایرپورٹ محبوب نگر میں لاکر رہیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ رہائشی اسکولس کی عمارتیں 140 کروڑ روپئے خرچ کرکے تعمیر کی جائیں گی اور 4 کروڑ کی لاگت سے ایک اور مارکٹ کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے مایوری پارک کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ بھر میں یہ پارک اپنی مثال آپ ہے اور مرکزی وزیر سیاحت نے تک اس کی تعریف کی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہر کی ترقی میں بھرپور تعاون کریں ۔