ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا اعلان ، گورنمنٹ ہاسپٹل میں منعقدہ پروگرام سے خطاب
محبوب نگر ۔ 13 ۔ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ حکومت ہمیشہ سے ہی صحافیوں کے ساتھ ہے ۔ محبوب نگر میں بہت جلد صحافیوں کیلئے خصوصی ہیلتھ کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ یہ اعلان ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑنے آج محبوب نگر کے گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل میں کیا ۔ وہ محکمہ اطلاعات و محکمہ صحت کے اشتراک سے منعقدکردہ خواتین صحافیوں کے فری ہیلتھ کیمپ کا افتتاح کررہے تھے ۔کیمپ سے متحدہ ضلع کی (17) خاتون صحافیوں نے استفادہ کیا ۔ ریاستی وزیر نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ سے قبل ضلع میں (1194) ایکریڈیٹیڈ جرنلسٹس تھے اور اب (1895) ہیں ۔ (18) جرنلسٹ جو فوت ہوچکے ہیں ان کے ورثاء کو 18 لاکھ روپئے جاری کئے گئے ۔ 8 جرنلسٹوں کو علاج کیلئے فی کس (50) ہزار امدادی گئی ۔ متوفی صحافیوں کے ورثاء کو پنشن بھی دیا جارہا ہے ۔ جرنلسٹوں کے (7) ہزار افراد خاندان کو علاج کیلئے ہیلتھ کارڈز جاری کئے گئے ۔ انہوںنے کہا کہ آج جس طرح خاتون جرنلسٹوں کیلئے ہیلتھ کیمپ منعقد کیا گیا ۔ بہت جلد تمام جرنلسٹوں کیلئے بھی فری کیمپ منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کیمپ کیلئے خصوصاً حیدرآباد سے ایم جے ایم ہاسپٹل سے کینسر اسکریننگ کے آلات بھی منگوائے گئے ۔ خاتون جرنلسٹوں کے (56) معائنوں کے ساتھ ساتھ کینسر اسکریننگ بھی کی گئی ۔ ریاستی وزیر نے چند خاتون جرنلسٹوں میں عینک اور معائنوں کے رپورٹ حوالے کئے ۔ اس موقع پر میونسپل چیرمین نرسمہلو ، موڈا چیرمین جی وینکنا ، ہاسپٹل ڈیولپمنٹ کمیٹی ممبر لکشمی ، اسسٹنٹ ڈائرکٹر اطلاعات وینکٹیشورلو ، ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر کرشنا ، ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ رام کشن ، آر ایم او لکشمن ، جیون وغیرہ موجود تھے ۔