محبوب نگر میں کسان کانفرنس کی تیاری، 30 نومبر کو جلسہ عام

   

کلکٹریٹ دفتر میں جائزہ اجلاس، ریاستی وزیر جے کرشنا راؤ کا خطاب
محبوب نگر ۔ 26 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی کانگریسی حکومت اپنے ایک سالہ کامیاب اقتدار کی تکمیل پر جشن کے طور پر ’’پرجا پالنا وجیوتسوالو‘‘ کا انعقاد عمل میں لارہی ہے۔ جو 28 تا 30 نومبر منائی جائیں گی۔ ضلع کے بھوت پور منڈل کے دیہات میں ایک شاندار کسان کانفرنس منعقد ہوگی جس کا اختتام 30 نومبر کو عوامی جلسہ کے ساتھ ہوگا۔ جلسہ میں ریاستی چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ وزراء قانون ساز اداروں کے اراکین اور عوامی نمائندے شریک ہوں گے۔ پروگرام کی تیاری کا جائزہ لینے کی غرض سے ضلع کلکٹر کے دفتر میں اجلاس منعقد کیا گیا۔ ریاستی وزیر آبکاری جوپلی کرشنا راؤ نے عہدیداروں، عوامی نمائندوں اور عوام کو پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔ جوپلی کرشنا راؤ کے علاوہ ریاستی پلاننگ کمیشن کے نائب صدر جی چناریڈی، ضلع کلکٹر وجیندرا بونی و دیگر نے کسان کانفرنس کے مقام کا معائنہ کیا۔ کانفرنس میں 150 اسٹالس قائم کرکے جدید زرعی ترقیات کی نمائش کی جائے گی۔ جی چنا ریڈی نے محبوب نگر سے متعلق اس پروگرام اور جلسہ کو صد فیصد کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ ایم ایل اے دیوکدرہ مدھو سدھن ریڈی نے حکومت کی فلاحی اسکیمات کا تذکرہ کیا۔ پروگرام میں ثقافتی سرگرمیاں ’’پرجا پالنا کلا یاترا‘‘ و دیگر نمایاں رہیں گی جن میں تلنگانہ کے فنکار روزانہ 3 مقامات پر مظاہرہ کریں گے تاکہ عوام میں سرکاری اسکیمات کے تعلق سے شعور بیدار کیا جاسکے۔ اجلاس میں مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی، ونپرتی ایم ایل اے میگھا ریڈی، ٹی ایم ایف سی چیرمین عبید اللہ کوتوال، ڈی سی سی بی چیرمین وشنو وردھن ریڈی، میونسپل چیرمین آنند گوڑ، کانگریس قائدین و دیگر شریک تھے۔ ضلع کلکٹر نے تیقن دیا کہ پروگرام کیلئے موثر انتظامات کئے جارہے ہیں۔