چٹان پر نمودار خونخوار جانور کو پکڑنے میں حکام ناکام، تجربہ کار ٹیم کی محبوب نگر طلبی ضروری
محبوب نگر ۔ 18 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر محبوب نگر کے ٹی ڈی گٹہ اور ویرنا ہیلت کے علاقہ میں گزشتہ 15 روز سے چیتا کی نقل و حرکت سے مقامی عوام میں خوف و ہراس میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جبکہ حکام چیتا کو پکڑنے میں مسلسل ناکام ہو رہے ہیں۔ جمعرات کی شام 5 بجے ٹی ڈی گٹہ ہائی اسکول کے روبرو جھاڑیوں میں چٹان پر چیتا نظر آیا اور چیتا کی تصاویر منٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس کے ساتھ ہی ضلع ایس پی جانکی دھراوت اور فارسٹ آفیسر اپنے ماتحت عملہ کے ہمراہ مقام پر پہنچ گئے اور ایک تھنٹہ تک ڈرون کیمروں کے ذریعہ مقام کا معائنہ کیا۔ مقامی سابق کونسلر سید سعادت اللہ حسینی جو گزشتہ 15 دنوں سے مارکٹ اور پولیس حکام سے اس مسئلہ پر ربط میں ہیں برہم ہوتے ہوئے کہا کہ مقامی حکام چیتا کو پکڑنے میں ناکام رہے ہیں۔ لہذا ڈی ایف او فوری ریاستی ڈائرکٹر کو مطلع کرکے چیتا پکڑنے والی تجربہ کار ٹیم کو محبوب نگر طلب کریں۔ انہوں نے تعجب ظاہر کیا کہ 15 دنوں سے آخر کیا کیا گیا، عوام دن رات خوف کے ماحول میں گذارہ کررہے ہیں اور عہدیداران صرف عوام کو مشوروں پر اکتفا کررہے ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر خدانخواستہ کوئی حادثہ پیش آتا ہے راست طور پر فارسٹ ڈپارٹمنٹ اس کا ذمہ دار ہوگا۔ اس موقع پر وحید ، سجو پہلوان، فاروق علی، مجیب سیٹھ، عبدالمعبود، عبدالصمد، انیس، محمد فیروز خاں، عتیق، فرید عابد، عمران، ضمیر و دیگر قائدین موجود تھے۔