محبوب نگر۔/28 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع محبوب نگر پھر ایک مرتبہ وائرل فیور کی لپیٹ میں ہے۔ عوام شدید اندیشوں میں مبتلاء ہیں۔ سرکاری اور پرائیویٹ دواخانوں میں وائرل فیور سے متاثرہ عوام کی قطاریں لگی ہیں جس کی اہم وجہ موسم کی تبدیلی بتائی جاتی ہے۔ شدید بخار، ملیریا، ڈینگو، ٹائیفائیڈ اور سردی کھانسی، زکام اور شدید جسمانی درد سے سینکڑوں افراد متاثر ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ گزشتہ دنوں جب شہر ڈینگو سے متاثر تھا 4 افراد فوت ہوگئے تھے۔ عوام بلدیہ کی کارکردگی سے سخت ناراض ہیں کہ وبائی امراض پھیلنے پر بھی بلدیہ حرکت میں نہیں آرہی ہے۔ خنزیروں، آوارہ کتوں اور مچھروں کی بہتات ہے۔ چھوٹی بڑی نالیوں میں بدبو، گندگی اور تعفن ہے پھر بھی بلدیہ صفائی کے اقدامات سے لاپرواہی برت رہاہے۔ وبائی امراض کے خدشوں سے عوام پریشان اور متفکر ہیں۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر ڈاکٹر رجنی نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے گھروں اور اطراف میں صفائی پر خصوصی توجہ دیں۔
