منتخبہ عوامی نمائندوں کی تاجرین سے مذاکرات کے بعد فیصلہ، 3 سال میں تعمیر و تزئین کی تکمیل پر غور
حیدرآباد۔/23 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) محبوب چوک مارکٹ کو ماڈل مارکٹ کے طور پر ترقی دینے کے کاموں کا جلد آغاز کردیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں مقامی منتخبہ عوامی نمائندوں کی جانب سے محبوب چوک مارکٹ کے تاجرین کے ساتھ جاری مذاکرات کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ جلد ہی محبوب چوک مارکٹ کے تاجرین کو عارضی طور پر چومحلہ پیالیس کے روبرو واقع خزانہ عامرہ کی کھلی اراضی پر منتقل کیا جائے گا اور محبوب چوک ماڈل مارکٹ کی تیاری کے بعد انہیں واپس مارکٹ میں جگہ حوالہ کردی جائے گی۔ ریاستی حکومت کے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے محبوب چوک مارکٹ کو ماڈل مارکٹ کے طور پر ترقی دینے کے علاوہ اس کی تاریخی اہمیت کو برقرار رکھتے ہوئے اسے خوبصورت طرزِ تعمیر کا شاہکار بنانے کے اقدامات کا اعلان کیا گیا تھا اور اسی منصوبہ کے تحت محبوب چوک کلاک ٹاور کی تزئین نو کے اقدامات مکمل کئے گئے تھے۔ محبوب چوک مارکٹ کو36 کروڑ کے اخراجات سے مکمل نئے انداز میں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور 4 سال قبل اس سلسلہ میں ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اعلان کیا تھا۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کے ذرائع کے مطابق محبوب چوک مارکٹ کی تعمیر و تزئین نو کی ذمہ داری قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو تفویض کی گئی ہے۔ قائد مجلس محمد غوث نے دیگر منتخبہ عوامی نمائندوں کے علاوہ مقامی پارٹی کارکنوں و قائدین کے ہمراہ تاجرین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں خزانہ عامرہ کی کھلی اراضی پر عارضی طور پر منتقلی کیلئے آمادہ کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جلد ہی اس منتقلی کا عمل شروع کردیا جائے گا اور اس کے بعد محبوب چوک مارکٹ کی قدیم عمارت کو مکمل طور پر منہدم کرتے ہوئے اس کی جگہ خوبصورت ماڈل مارکٹ کی تعمیر کے کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نئے ماڈل مارکٹ کی تعمیر و تزئین کے کاموں کیلئے 3 سال کی مدت معین کرنے پر غور کیا جارہا ہے جبکہ تاجرین کا کہنا ہے کہ اندرون دو سال اس عمارت کی تعمیر کے بعد یہاں دوبارہ تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ممکن بنایا جاسکتا ہے اسی لئے جلد از جلد تاجرین کو عارضی مقام سے ان کے حقیقی مقام پر منتقل کرنے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہیئے۔ م