پٹنہ : راشٹریہ جنتا دل کی جانب سے آج جننائک کرپوری ٹھاکر صد سالہ تقریب پٹنہ کے شری کرشن میموریل ہال میں ریاستی صدر جگدانند سنگھ کی صدارت میں منائی گئی۔ آر جے ڈی کے قومی صدر لالو پرسادیادو، نائب وزیراعلیٰ تیجسوی پرساد یادو، بہار حکومت کے وزیر تیج پرتاپ یادو، قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر رام چندو پوروے و دیگر نے جننائک کرپوری ٹھاکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں لالو پرساد نے کہا کہ آج جننائک کرپوری ٹھاکر کی صد سالہ جینتی تقریب کے موقع پر ہم ان کے خیالات، خوبیوں اور ان کے تعاون کے سلسلے میں بات کر رہے ہیں۔ لالو پرساد نے کہا کہ ہر کوئی ان کی سادگی اور ایمانداری کی بات کرتا ہے۔ نتیش اور تیجسوی نے مل کر بہار میں ذات پات کی مردم شماری کرائی اور اعداد و شمار کی بنیاد پر ریزرویشن سسٹم کو 75 فیصد کیا۔ بہار میں نوجوانوں کو لگاتار روزگار دیا جا رہا ہے اور کام کیا جا رہا ہے ، لیکن بی جے پی ہمیشہ اس کے خلاف غلط فہمی پیدا کرتی ہے ، لیکن ہم سب اس بات پر بضد ہیں کہ سماج کے استحصال زدہ، محروم، پسماندہ اور اقلیتی طبقات کو ان کے حقوق دیںگے چاہے کوئی اس کیلئے جتنی بھی سازش کرے ۔