محض 2روپے سالانہ فیس پر سینکڑوں بچوں کو ٹیوشن دینے والے چٹوپادھیائے کو پدم بھوشن ایوارڈ

   

کولکاتا : ضلع بردوان کے ایک گائوں میں صرف دو روپے سالانہ فیس پر بچوں کو ٹیوشن دینے والے سوجیت چٹو پادھیائے کو اس سال حکومت ہند نے تیسرے سب سے بڑے شہری اعزاز ’’پدم بھوشن‘‘ ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کیا ہے ۔بردوان میں تو وہ پہلے سے ہی مشہور و معروف تھے مگر اب پدم بھوشن ایوارڈ کا اعلان ہونے کے بعد ان کی شہرت بردوان سے نکل کر ملک کے دوسرے شہروں اور نیوز چینلوں اور اخبارات کی سرخیوں تک میں پہنچ گئی ہے ۔ سوجیت 15سال قبل سرکاری ٹیچر کے عہدہ سے ریٹائر ہوئے تھے ۔مگر ملازمت سے سبکدوش ہونے کے باوجود انہوں نے تعلیم و تدریس کا سلسلہ بند نہیں کیا ۔بردوان ضلع میں ایک سبجیکٹ کے ٹیوشن کی سالانہ فیس کم سے کم 2ہزار روپے ہے ۔ مگر سوجیت صرف دو روپے سالانہ کے معمولی فیس پر سیکڑوں بچوں پڑھاتے ہیں۔ دو روپے فیس کیوں لیتے ہیں؟ اس سوال پر سوجیت چٹوپادھیائے کہتے ہیں کہ یہ گرودکشنا کے طور پر فیس لی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے بغیر تعلیم مکمل نہیں ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب طالب علم دو روپے دیتا ہے تو وہ جھک کر آشیرواد لیتا ہے اوراس کی برکت سے وہ کامیاب ہوتا ہے اور ان بچوں کو احساس بھی ہوتا ہے کہ انہیں مفت میں تعلیم نہیں دی گئی ہے ۔