سابقہ سی ای او وقف بورڈ کی درخواست پر ہائیکورٹ میں فیصلہ محفوظ
حیدرآباد۔20۔اگسٹ(سیاست نیوز) محمد اسداللہ سابق سی ای او وقف بورڈ جوائنٹ سیکریٹری کے رتبہ کے حامل نہیں ہیں ۔ حکومت تلنگانہ نے اڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل محمد عمران خان کے ذریعہ تلنگانہ ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ پر یہ حلف نامہ داخل کیا۔محمد اسداللہ سابق چیف اکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے عہدہ پر برقراری سے متعلق فیصلہ کو تلنگانہ ہائی کورٹ نے محفوظ کردیا ہے۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے عدالت کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے محمد اسداللہ کو سی ای او وقف بورڈ کے عہدہ سے ہٹائے جانے کے خلاف محمد اسد اللہ نے عدالت میں رٹ اپیل داخل کی تھی۔ محمد اسداللہ نے محکمہ اقلیتی بہبود ‘ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ اور رٹ درخواست نمبر 22692 کے درخواست گذار کے خلاف عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے انہیں سی ای او کے عہدہ سے ہٹائے جانے کے احکامات پر حکم التواء حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن انہیں اس مقدمہ میں کسی بھی طرح کی راحت حاصل نہیں ہوئی اسی دوران تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود نے جی او آرٹی 67 جاری کیا اور محمد اسداللہ کی محکمہ مال کو خدمات واپس کردی گئیں اور ان احکامات کی اجرائی کے ذریعہ محکمہ اقلیتی بہبود نے انہیں دی گئی تمام زائد ذمہ داریاں بھی واپس حاصل کرتے ہوئے محمد اسداللہ پر واضح کردیا کہ اب محکمہ کو ان کی خدمات کی ضرورت نہیں ہے لیکن رٹ اپیل نمبر 860/2025 داخل کی تھی جسے سماعت کے لئے عدالت نے قبول کرتے ہوئے گذشتہپیشیکے دوران محمد اسداللہ کے وکیل کی جانب سے کئے گئے جوائنٹ سیکریٹری کے عہدہ کا حامل ہونے کے دعوے کے متعلق حکومت کو وضاحت پیش کرنے کی ہدایت دی تھی جس پر آج حکومت تلنگانہ نے عدالت میں پیش کئے گئے حلف نامہ میں واضح کیا کہ محمد اسداللہ جوائنٹ سیکریٹری کے رتبہ کے حامل عہدیدارنہیں ہیں۔ عدالت نے مقدمہ کے تمام فریقین کے ادعاجات کی سماعت کے بعد LPA No.1/2025 اور محمد اسداللہ کی جانب سے داخل کی گئی رٹ اپیل 860/2025 میں فیصلہ کو محفوظ کردیاہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے محکمہ مال میں خدمات انجام دینے والے محمد اسداللہ کی خدمات کو محکمہ اقلیتی بہبود کے لئے ایک سال کے لئے مستعار لیاتھا جو کہ آئندہ ماہ کے اوائل میں ختم ہونی تھی لیکن تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کئے جانے والے احکامات کی بنیاد پر ان کی خدمات 12اگسٹ کو ان کے محکمہ مال کے حوالہ کردی گئی ہیں۔3