یوجین،7 اگست (آئی اے این ایس) ہندوستان کے نوجوان ایتھلیٹ محمد اشفاق نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ ایتھلیٹکس انڈر20 چمپئن شپ 2026 میں مردوں کی 400 میٹر دوڑ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ اس دوران انہوں نے نیا قومی انڈر20 ریکارڈ بھی قائم کیا۔ 19سالہ محمد اشفاق نے ابتدائی ہیٹ نمبر5 میں 45.81 سیکنڈ کا وقت لے کر دوسرا مقام حاصل کی اور سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنا ہی سابقہ قومی انڈر 20 ریکارڈ 46.05 سیکنڈ توڑ دیا، جو انہوں نے رواں سال اپریل میں بنگلورو میں منعقدہ انڈر 20 فیڈریشن کپ میں قائم کیا تھا۔سیمی فائنل کی تیسری ہیٹ میں اشفاق نے 46.00 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کرتے ہوئے تیسرا مقام حاصل کی اور فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ہندوستان کے دوسرے ایتھلیٹ پیوش راج ہیٹ نمبر6 میں 47.78 سیکنڈ کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے اور فائنل کیلئے کوالیفائی نہ کر سکے۔مردوں کی ہائی جمپ میں بسنت نے2.14 میٹر کی بہترین چھلانگ لگا کر کوالیفائنگ گروپ اے میں پانچویں مقام کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ کے امبریش گروپ بی میں2.05 میٹر کی بہترین جمپ کے ساتھ بارہویں نمبر پر رہے اور فائنل میں رسائی حاصل نہ کر سکے۔ قابل ذکر بات یہ رہی کہ دونوں گروپوں میں کوئی بھی کھلاڑی خودکارکوالیفائنگ معیار2.21 میٹر عبور نہیں کر سکا۔خواتین کے شاٹ پٹ مقابلے میں انشو فائنل میں جگہ بنانے سے محروم رہیں۔ انہوں نے 15.24 میٹرکی بہترین تھرو کی، جو فائنل کے لیے درکار معیار سے21 سینٹی میٹرکم تھی۔ وہ گروپ اے میں نویں اور مجموعی طور پر چودھویں نمبر پر رہیں۔خواتین کی 400 میٹر ہرڈلز میں تنو چودھری بھی سیمی فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہیں۔ انہوں نے1 منٹ 00.03 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کرتے ہوئے اپنی ہیٹ میں پانچواں مقام حاصل کیا۔ مردوں کی 400 میٹر ہرڈلز میں امت کمار 54.01 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ اپنی ہیٹ میں آخری نمبر پر رہے۔ مردوں کے ٹرپل جمپ کوالیفکیشن میں دھنوش راج اور پی۔ روئیشن بھی فائنل میں جگہ نہ بنا سکے۔ دھنوش راج کی بہترین چھلانگ 14.71 میٹر جبکہ پی۔ روئیشن کی 15.20 میٹر رہی۔ محمد اشفاق کی قومی ریکارڈ ساز دوڑ ہندوستانی ایتھلیٹکس کے لیے ایک بڑی کامیابی قراردی جا رہی ہے، جبکہ اب تمام نظریں 400 میٹر کے فائنل پر مرکوز ہیں، جہاں وہ عالمی سطح پر تمغہ جیتنے کی کوشش کریں گے۔