نئی دہلی ۔ 15 فبروری (سیاستڈاٹ کام) آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹوئنٹی 20 اور 5 ونڈے مقابلوں کیلئے بی سی سی آئی نے آج 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ معلنہ ٹیموں میں فاسٹ بولر محمد خلیل احمد اور حیدرآبادی نوجوان بولر محمد سراج اپنی جگہ برقرار رکھنے میںکامیاب نہ ہوسکے جبکہ مستقل کپتان ویراٹ کوہلی کے ہمراہ صف اول کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ہندوستانی سلیکٹروں نے 2 ٹوئنٹی 20 کے علاوہ ونڈے سیریز کیلئے ابتدائی 2 مقابلوں اور پھر مابقی 3 ونڈے مقابلوں کے اعتبار سے 3 مختلف اسکواڈز کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں پر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ بولر محمد سمیع ونڈے ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ معلنہ ٹیم میں واحد نیا چہرہ لیگ اسپنر مینک مارکنڈ کی شمولیت ہے۔ مارکنڈ نے انگلینڈ لائنیز کے خلاف انڈیا اے کی نمائندگی کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے حصول کا مظاہرہ کیا تھا اور اس شاندار کارکردگی پر انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ امید کی جارہی تھی کہ نائب کپتان روہت شرما کو آرام دیا جائے گا لیکن روہت کو ٹی 20 اور ونڈے ٹیموں کا حصہ بنایا گیا جبکہ وکٹ کیپرس دنیش کارتک اور ریشپھ پنت موضوع بحث تھے جن میں سلیکٹروں نے پنت کو کارتک پر فوقیت دی ہے۔ ٹی 20 ٹیم میں مہندر سنگھ دھونی، کارتک اور پنت تینوں موجود ہیں لیکن ونڈے ٹیم میں دھونی کے ساتھ پنت کو ہی برقرار رکھا گیا ہے جس سے قیاس کیا جارہا ہیکہ شاید کارتک کو ورلڈ کپ کی ٹکٹ نہ ملے۔ علاوہ ازیں تیسرے اوپنر کیلئے ورلڈ کپ میں راہول کی راہ ہموار ہوئی ہے کیونکہ انہیں ٹی 20 اور ونڈے سیریز کیلئے ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ٹی 20 ٹیم : ویراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما (نائب کپتان)، شکھردھون، کے ایل راہول، ریشپھ پنت، دنیش کارتک، ایم ایس دھونی (وکٹ کیپر)، ہارڈک پانڈیا، کرونال پانڈیا، وجے شنکر، یوزویندر چہل، جسپریت بمراہ، اومیش یادو، سدھارتھ کویل اور مینک کارکنڈے۔
ابتدائی 2 ونڈے کیلئے ٹیم : ویراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما (نائب کپتان)، شکھردھون، امباٹی رائیڈو، کیدار جے دیو، ایم ایس دھونی (وکٹ کیپر)، ہارڈک پانڈیا، جسپریت بمراہ، محمد سمیع، یوزویندر چہل، کلدیپ یادو، وجے شنکر، رشپھ پنت، سدھارتھ کویل اور کے ایل راہول
باقی 3 مقابلوں کیلئے ٹیم : ویراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما (نائب کپتان)، شکھردھون، امباٹی رائیڈو، کیدار جے دیو، ایم ایس دھونی، ہارڈک پانڈیا، جسپریت بمراہ، بھونیشور کمار، یوزویندر چہل، کلدیپ یادو، محمد سمیع، وجے شنکر، کے ایل راہول اور ریشپھ پنت ۔