پرنسپل سکریٹری ریونیو نوین متل نے احکامات جاری کئے
حیدرآباد 9 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے کرکٹر محمد سراج کو جوبلی ہلز روڈ نمبر 78 پر 600 مربع گز اراضی الاٹ کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ یہ اراضی بغیر کسی معاوضے کے مفت میں الاٹ کی جارہی ہے۔ پرنسپل سکریٹری ریونیو نوین متل نے جی او ایم ایس 73 جاری کیا۔ ٹی 20 ورلڈکپ میں فاتح ہندوستانی ٹیم میں محمد سراج شامل تھے اور چمپئن شپ میں ہندوستان کی جیت کے بعد چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے محمد سراج کو گروپ I ملازمت کے تحت پولیس میں ڈی ایس پی کا عہدہ اور 600 مربع گز اراضی مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جوبلی ہلز روڈ نمبر 78 پر اراضی مختص کی گئی جو شیخ پیٹ منڈل کے سروے نمبر 403/P ، وارڈ نمبر 9 اور بلاک F کے تحت آتی ہے۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ کلکٹر حیدرآباد نے چیف کمشنر لینڈ اڈمنسٹریشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انٹرنیشنل ہندوستانی کرکٹ کھلاڑی محمد سراج کی جانب سے امکنہ اراضی الاٹ کرنے کی درخواست کا حوالہ دیا۔ ضلع کلکٹر نے چیف کمشنر لینڈ اڈمنسٹریشن کو اراضی الاٹ کرنے کی تجویز پیش کی اور روڈ نمبر 78 جوبلی ہلز میں 600 مربع گز اراضی کی نشاندہی کی گئی۔ ضلع کلکٹر کی تجویز تلنگانہ لینڈ مینجمنٹ اتھاریٹی کے روبرو پیش کی گئی اور اتھاریٹی نے اراضی کی منظوری دے دی ہے۔