محمد عامر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے دوبارہ ریٹائرمنٹ کا اعلان

   

لاہور: آل راؤنڈ عماد وسیم کے بعد محمد عامر نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ روز عماد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ عماد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں لکھا تھا کہ انہوں نے کافی غوروخوض کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا بہت بڑا اعزاز ہے۔ عماد نے مزید لکھا تھا کہ وہ ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ میں اپنا سفر جاری رکھیں گے۔ اب فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 32 سالہ محمد عامر نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کیلئے تینوں فارمیٹس میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔ عامر نے جون 2009 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ عامر نے 36 ٹسٹ میچز کے علاوہ 61 ونڈے انٹرنیشنلز اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 271 انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کئے۔ عماد وسیم کی طرح محمد عامر نے بھی ملک کی نمائندگی کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لی تھی۔ عامر نے ’ایکس‘ پر جاری پیغام میں کہا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ اگلی نسل کیلئے ذمہ داری سنبھالنے اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا درست وقت ہے۔ واضح رہے کہ عماد وسیم گزشتہ سال نومبر میں اور محمد عامر نے 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ تاہم دونوں کھلاڑیوں نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کیلئے اپنی دستیابی ظاہر کی تھی جس پر دونوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا اور انہوں نے آخری مرتبہ ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ تاہم وہ ایونٹ میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔ پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کے تعلق سے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کیلئے عامر اور عماد کی خدمات پر تہہ دل سے شکرگزار ہیں اور ان کی مستقبل کی کوششوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔