حیدرآباد ۔ چوتھے سیزن میں رواں ٹی 16 ٹورنمنٹ کے گروپ اے کے مقابلے میں کرک فورس کے اوپنر محمد عبدالعظیم نے شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے صوفی نائیٹ رائیڈرس کے خلاف ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کامیاب ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز اسکور کئے جس میں بائیں ہاتھ کے اوپنر عبدالعظیم نے 44 گیندوں میں 7 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 88 رنز کی اننگز کھیلی۔ ساتھی اوپنر محمد عمران خان (20) کے ہمراہ انہوں نے پہلی وکٹ کے لئے 44 رنز کی بہترین پارٹنر شپ بھی نبھائی۔ محمد عابد نے 23 رنز بنانے کے علاوہ آل راؤنڈر محمد امتیاز نے آخری اوور میں صرف 6 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 32 رنز اسکور کئے۔ جوابی اننگز میں صوفی رائیڈرس 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کر پائی اور اسے 10 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ کرک فورس کے لئے سید رشید نے 25 رنز کے عوض 3 اور امتیاز نے 33 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں ۔ عبدالعظیم نے 3 اوورس میں 26 رنز دے کر ایک وکٹ بھی حاصل کی اور آل راؤنڈ مظاہرے پر انہیں مین آف دی میچ بھی دیا گیا۔