محمد علی بیگ کو یو اے ای کا ایشین عرب انٹرنیشنل تھیٹر ایوارڈ

   

دوبئی میں ہفتہ کو ایوارڈ کی پیشکشی ، تھیٹر کی مایہ ناز شخصیت کو وزیر داخلہ محمود علی کی مبارکباد
حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ) : تھیٹر کی مشہور شخصیت پلے رائٹ ، ڈائرکٹر ، ایکٹر محمد علی بیگ کو کئی ممالک میں عالمی درجہ کے تھیٹر کو پیش کرنے پر شیح زائد انٹرنیشنل ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے ۔ یہ ایوارڈ انہیں ہفتہ کو دوبئی میں باوقار ایشین عرب ایوارڈس تقریب میں پیش کیا جائے گا ۔ اس کے بعد وہ اپنا ڈرامہ پیش کریں گے ۔ اس ایوارڈس تقریب میں جو یو اے ای کے بانی شیخ زائد کے 100 ویں یوم پیدائش منانے کے سال میں منعقد ہورہی ہے ۔ 39 مختلف ممالک کے مختلف میدانوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والوں کو ایوارڈس کے ساتھ اعزازات دئیے جائیں گے ۔ مسٹر بیگ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے ہندوستان سے واحد شخص ہوں گے ۔ محمد علی بیگ فرانس ، یو کے ، امریکہ ، کناڈا ، ترکی جیسے ممالک میں تھیٹر میں ان کے گلوبل ورک کے لیے مشہور و معروف ہیں ۔ اسٹیج پر ان کے کام میں ابتداً ہندوستانی اور حیدرآبادی کلچر ، تاریخ ، روایات کو مشہور ڈراموں جیسے ’ قلی دلوں کا شہزادہ ، ساون حیات ، اسپیسیس 1857 ، تبریز خاں اور دیگر ڈراموں کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے ۔ انہیں حیدرآباد میں تھیٹر کے احیاء کے لیے 2014 میں پدما شری ایوارڈ دیا گیا تھا ۔ مسٹر بیگ تھیٹر میں ان کی مہارت کے لیے مشہور و معروف ہیں اور حیدرآباد کے مرکزی خیال کے ان کے ڈرامے امریکہ ، یو کے اور ترکی جیسے ممالک میں مشہور ہوئے ہیں اور ان کی ستائش کی گئی ۔ تلنگانہ کے وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے اس باوقار بین الاقوامی اعزاز کے حصول پر مسٹر بیگ کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ پدما شری محمد علی بیگ نے تھیٹر میں ان کے منفرد انداز سے تلنگانہ اور حیدرآباد کی تہذیب کو پیش کیا ہے جو قابل ستائش ہے ۔ فخر تلنگانہ کے لیے یہ ایوارڈ ایک بڑا اعزاز ہے ۔۔