محمد علی شبیر کی کل نظام آباد میں بائیک ریالی، جمعرات کو پرچہ نامزدگی کا ادخال

   

مسلم قائد کی کامیابی یقینی بنانے کاماریڈی کے بجائے ہائی کمان نے نظام آباد ( اربن ) الاٹ کیا

حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور سابق وزیر محمد علی شبیر کو کاماریڈی اور نظام آباد ( اربن ) اسمبلی حلقہ جات سے پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال نے کہا کہ بائیں بازو جماعتوں سے مشاورت کے سبب آخری فہرست کی اجرائی میں تاخیر ہوئی ہے تاہم ہائی کمان نے کاماریڈی اور نظام آباد (اربن ) کے امیدواروں کا فیصلہ کرلیا ہے۔ محمد علی شبیر 9 نومبر کو نظام آباد (اربن ) کے کانگریسی امیدوارکی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ وہ نظام آباد میں منگل 7 نومبر کو بڑے جلوس کی شکل میں پہلی مرتبہ پہنچیں گے اور بائیک ریالی کے ذریعہ حلقہ کے تمام بلدی ڈیویژنس کا احاطہ کیا جائے گا اور نہرو پارک پر جلسہ عام منعقد ہوگا۔ محمد علی شبیر کی جانب سے ٹاون کانگریس کمیٹی کل 6 نومبر کو پرچہ نامزدگی کا ایک سیٹ داخل کرے گی جبکہ محمد علی شبیر شخصی طور پر 9 نومبر کو پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ اسی دوران آج رامائم پیٹ میں نظام آباد سے تعلق رکھنے والے تمام سرکردہ قائدین نے محمد علی شبیر سے ملاقات کی اور مکمل تعاون کا یقین دلایا۔