انقرہ،20جون (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی موت پر ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ سابق صدر کی موت کے ‘مجرم’ مصری حکومت کو عالمی عدالت میں لے جائیں گے ۔استنبول میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصر کے سابق صدر محمد مرسی کمرہ عدالت میں 20 منٹ تک مدد کے لیے ہاتھ ہلاتے رہے لیکن حکام نے توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ ‘‘میں اس لئے کہتا ہوں کہ محمد مرسی مرے نہیں بلکہ انہیں قتل کیا گیا’’۔رجب طیب اردغان نے اسلامی تعاون کونسل (او آئی سی) سے مطالبہ کیا کہ وہ محمد مرسی کے قتل پر سخت اقدام اٹھائے ۔ان کا کہنا تھا کہ ‘‘ہم، بحیثیت ترک، اس مسئلہ کو زندہ رکھیں گے اور محمد مرسی کے قتل کے جرم میں مصرکی حکومت کو عالمی عدالت میں لے جائیں گے ’’۔ترکی کے صدر نے محمد مرسی کو شہید کا لقب دیا اور کہا مجھے یقین ہے کہ محمد مرسی کی موت قدرتی وجوہات کے سبب نہیں تھی۔رجب طیب اردغان نے مزید کہا کہ وہ مذکورہ معاملہ جاریہ ماہ کے اواخر میں منعقد ہونے والے G-20 سمٹ میں اٹھائیں گے ۔