محنت اور دیانتداری کو اختیار کرنے آل انڈیا سرویس عہدیداروں کو بھٹی وکرمارکا کا مشورہ

   

Ferty9 Clinic

10 ہفتوں پر مشتمل ٹریننگ کا اختتام، مختلف ریاستوں کے 203 اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 18۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے سیول سرویس آفیسر کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی خدمات کے ذریعہ عوام میں شناخت پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر خدمات کے ذریعہ ہی عوام کے دلوں میں جگہ بنائی جاسکتی ہے اور یہی چیز اپنے پیشہ کے ساتھ انصاف تصور کی جائے گی۔ بھٹی وکرمارکا آج ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سنٹر میں آل انڈیا سرویسز اور سنٹرل سرویسز سے وابستہ عہدیداروں کے 10 ہفتوں پر مشتمل ٹریننگ پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو اور انسٹی ٹیوٹ کی نائب صدرنشین شانتا کماری اس موقع پر موجود تھیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ روزانہ دفتر سے گھر واپسی کے وقت عہدیداروں کو اپنا محاسبہ خود کرنا چاہئے ۔ انہیں خود سے یہ سوال کرنا ہوگا کہ آج کے دن انہوں نے کوئی ایسا کام کیا جو سماج کی بھلائی اور کسی ایک کی زندگی میں بہتری پیدا کرسکتا ہو۔ اگر جواب مثبت رہا تو پھر وہ اپنی خدمات میں کامیاب ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ دیانتداری کے ساتھ خدمات انجام دیں اور جراتمندانہ فیصلوں کے ذریعہ عوام کی بھلائی کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ دس ہفتوں پر مشتمل ٹریننگ پروگرام عہدیداروں کی تربیت کا اختتام نہیں ہے بلکہ ٹریننگ کے ذریعہ وہ اپنی حقیقی سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔ مختلف ریاستوں کے 203 عہدیداروں نے ٹریننگ میں حصہ لیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عہدیداروں میں کئی انجنیئرس ، ڈاکٹرس ، معاشی ماہرین ، قانون داں اور ٹکنیکل اکسپرٹس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو اپنی سرویس میں ذمہ داریوں کے علاوہ تبادلہ اور فائلوں کی یکسوئی کے معاملہ میں تجربات سے گزرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کا ایک بھی غلط فیصلہ عوام کے لئے نقصاندہ ہوسکتاہے۔ عہدیداروں کو مکمل محنت اور دیانتداری کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نظم و نسق میں دباؤ اور مشکل حالات درپیش ہوتے ہیں۔ ان تمام کا اسلوبی کے ساتھ سامنا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان سیول سروینٹس ایسے وقت سرویس میں داخل ہورہے ہیں ، جب عصری ٹکنالوجی نے نظم و نسق میں جگہ بنالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو سیکھنے کا عمل جاری رکھنا چاہئے ۔ بھٹی وکرمارکا نے پنڈت جواہر لال نہرو کا حوالہ دیا اور کہا کہ وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہونے کے باوجود وہ مہاتما گاندھی سے صلاح لیا کرتے تھے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنے فیصلوں میں ہمیشہ عوام کی بھلائی کو پیش نظر رکھیں۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے ٹریننگ حاصل کرنے والے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ سماج کی بھلائی کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں۔1