محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کو عہدیداروں کی تربیت کی ذمہ داری

   

جائیدادوں کا آن لائن رجسٹریشن …

آئندہ ہفتہ سے ٹریننگ کا آغاز۔ اضلاع میں مختصر مدتی کورس کا منصوبہ

حیدرآباد۔ریاست میں حکومت کی جانب سے آن لائن جائیدادوں کے رجسٹریشن کے سلسلہ میں عہدیدارو ںکو تربیت کی فراہمی کے اقدامات محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے کئے جائیں گے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے نئے ریوینیو ایکٹ کے نفاذ کے فیصلہ کے بعد اراضیات کی معاملتوں کو آن لائن کرنے کے اقدامات کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور جائیدادوںکی منتقلی اور رجسٹریشن کیلئے آن لائن وقت حاصل کرنے اور وقت کے تعین کے بعد دستاویزات اسکان کرواتے ہوئے انہیں ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کے بعد محکمہ مال کے عہدیداروں کو آن لائن دستاویزات کی جانچ اور وقت کی فراہمی کے علاوہ دیگر امور کی تربیت دینے اقدامات ناگزیر ہوچکے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ محکمہ مال کے عہدیداروں نے اس سلسلہ میں محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے عہدیداروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے محکمہ عہدیداروں اور ملازمین کو تربیت فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق جائیدادوں کے رجسٹریشن اور منتقلی کے عمل کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے آن لائن کاروائی انجام دینے اور دھرانی ویب سائٹ کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے دھرانی ویب سائٹ کی تیاری اور اس کے امور کی دیکھ بحال کی ذمہ داری محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ہی حوالہ کی گئی ہے اسی لئے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے ماہرین کو ہی محکمہ مال کے عہدیداروں کو ملازمین کی تربیت کیلئے استعمال کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ مال کے عہدیداروں کی زون کے اعتبار سے تربیت کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ ہفتہ سے تربیت کے عمل کو شروع کردیا جائے گا۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے محکمہ مال کے ملازمین کو عصری تربیت کی فراہمی کیلئے مختصر مدتی کورس کروائے جائیں گے تاکہ ریاست میں رجسٹریشن کے آغاز کی صورت میں عہدیداروں کو ملازمین کو کسی بھی طرح کی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ریاستی حکومت کے محکمہ مال اور محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس تربیت کی فراہمی کے سلسلہ میں اوقات کار اور عملہ کا انتخاب کیا جاچکا ہے اور انہیں تربیت کی فراہمی کے ساتھ آن لائن رجسٹریشن کے عمل میں کسی بھی طرح کی دشواریوں سے فوری نمٹنے کیلئے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی میں ہیلپ ڈیسک کے قیام کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔