محکمہ آبرسانی کیساتھ 11 میونسپلٹیز کو برقی شرح کا تعین

   

حیدرآباد۔19جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن نے حیدرآباد واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کے علاوہ ریاست کی 11 دیگر میونسپلٹی کے لئے برقی کی قیمت کے تعین کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ الکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن کی جانب سے ان سرکاری ادارہ جات کے برقی استعمال کی قیمتوں کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات کے بعد حیدرآباد واٹرورکس ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ 11دیگر میونسپلٹی کیلئے 3.95 روپئے فی یونٹ برقی کی قیمت کا تعین کیا ہے۔برقی کی قیمتوں کیلئے باقاعدہ بنائے جانے والی ان قیمتوں کا اطلاق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ محکمہ آبرسانی کے علاوہ 11میونسپلٹی اور 199 مواضعات پر ہوگا۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت نے ان ادارو ںکو سربراہ کی جانے والی برقی کے لئے رعایتی قیمتوں کے تعین کی سفارش کی تھی کیونکہ ان ادارہ جات کی جانب سے عوامی خدمات انجام دی جاتی ہیں اور پانی کی سربراہی میں بھی برقی کا استعمال ناگزیر ہوتا ہے اسی لئے کی گئی اس سفارش پر غور کرنے کے بعد تلنگانہ الکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن کی جانب سے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے 3.95 فی یونٹ برقی سربراہی کے فیصلہ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان ادارہ جات نے ریاستی حکومت کو روانہ کردہ تجویز میں اس بات کی نشاندہی کی تھی انہیں تجارتی بل موصول ہونے کے سبب مالیہ پراس کے منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں جس پر ریاستی حکومت نے کمیشن کو روانہ کی گئی سفارش میں امور کا جائزہ لینے کی درخواست کی تھی ۔ کمیشن نے ریاستی حکومت اور ان ادارہ جات کی برقی کھپت اور ان کی جانب سے کی جانے والی ادائیگیوں کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے ۔ کمیشن کی جانب سے منعقد کردہ جائزہ اجلاس میں صدرنشین کمیشن مسٹر ٹی سری رنگا راؤ‘ کے علاوہ اراکین کمیشن مسٹر منوہر راجو اور کرشنیا نے شرکت کرتے ہوئے اس فیصلہ کی توثیق کی اور اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان ادارہ جات کیلئے نئی برقی شرحوں کا 18 جولائی سے اطلاق ہوگا۔
بتایا جاتا ہے کہ اب تک محکمہ آبرسانی کی جانب سے استعمال کی جانے والی برقی کیلئے محکمہ کی جانب سے 6.15 روپئے فی یونٹ برقی بل ادا کیا جاتا تھا جس پر محکمہ نے حکومت سے درخواست کی تھی ۔