محکمہ برقی کی لاپرواہی، ٹرانسفارمر گرنے سے کمسن لڑکی اور ایک شخص شدیدمتاثر

   

حیدرآباد۔/10 ستمبر، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میں محکمہ برقی کی لاپرواہی کے واقعات دن بہ دن منظر عام پر آرہے ہیں۔ برقی بلز کی وصولی میں سختی کرنے والے عہدیداروں کو عوامی سہولیات کی کوئی پرواہ نہیں بلکہ محکمہ کی مجرمانہ غفلت عوامی جانوں کیلئے خطرناک ثابت ہورہی ہے۔ گذشتہ روز غازی ملت کالونی میں برقی تاروں کو کھلا چھوڑنے کے واقعہ میں کمسن لڑکی بشمول ایک شخص شدید متاثر ہوگئے تھے جبکہ اس طرح کا واقعہ ساؤتھ سرکل حیدرآباد کے حدود یاقوت پورہ ریلوے ٹریک کے قریب پیش آیا جہاں ایک ٹرانسفارمر بنیاد سمیت گر پڑا۔ اس ٹرانسفارمر اور اس کے بیسمنٹ کے اچانک منہدم ہونے سے علاقہ میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹرانسفارمر کے قیام کیلئے تعمیر کردہ بیسمنٹ کو ناقص اشیاء سے تیار کیا گیا جس کے سبب بیسمنٹ سمیت ٹرانسفارمر گرپڑا جس کے سبب سارے علاقہ میں تین تا چارگھنٹے تک برقی سربراہی بند ہوگئی۔شہر میں جاری موسلا دھار بارش اور اس دوران برقی ٹرانسفارمر کے گرجانے سے مقامی عوام میں دہشت پیدا ہوگئی اور عوام نے اپنی سخت برہمی کا اظہار کیا۔ حیدرآباد ساؤتھ سرکل کا یہ علاقہ ڈی ای آسمان گڑھ کے تحت آتا ہے۔ تاہم اس خطرناک واقعہ کے رونما ہونے کے باوجود گھنٹوں اس علاقہ میں کوئی پرسان حال نہیں رہا جبکہ برقی بلز کی وصولی کیلئے برقی ملازمین و عہدیدار منظم طریقہ سے آتے ہیں اور سختی کرتے ہوئے برقی بلز کو وصول کرتے ہیں۔ لیکن سہولیات کی فراہمی میں کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔ مقامی عوام نے ارباب مجاز سے مطالبہ کیا کہ لاپرواہ برقی عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ ع